Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کا انڈیا میں سرمایہ کاری کا اعلان

نریندر مودی نے ڈیٹا سکیورٹی اور پرائیویسی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا (فوٹو: انڈیا ڈیلی)
گوگل نے انڈیا میں اپنے حریفوں فیس بک اور ایمزون کا مقابلہ کرنے کے لیے اگلے پانچ سے سات برس کے لیے انڈیا میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو گوگل کے انڈین نژاد چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) سندر پیچائی نے ’گوگل ان انڈیا‘ ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ سے ’انڈیا کی ڈیجیٹل اکانومی‘ کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے کہ ہم انڈیا اور پوری دنیا میں مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور تعلیم اور صحت کے حوالے سے درپیش دو طرفہ چیلنج نے ہمیں مجبور کیا ہے کہ ہم دوبارہ جائزہ لیں کہ ہم کس طرح رہ رہے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔ تاہم یہ چیلنجز ہمیں نئی ایجادات کرنے کا موقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں غیرملکی کمپنیوں نے انڈیا کی ترقی کرتی ڈیجیٹل اکانومی میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
فیس بک، انٹل اور دیگر کمپنیوں نے انڈیا میں موجود ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی کمپنی ’جیو‘ کے ڈیجیٹل سروسز یونٹ میں صرف رواں برس کے دوران 16 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
گوگل کے سی ای او نے پیر کو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنے پلان کے بارے میں آگاہ کیا، تاہم انڈین حکومت کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی نے ڈیٹا سکیورٹی اور پرائیویسی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

انڈین وزیراعظم کے مطابق ’ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اعتماد بحال کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔‘ (فوٹو: اینڈرائڈ سنٹرل)

انڈین وزیراعظم نے کہا کہ ’ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اعتماد بحال کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔‘
لداخ کی وادی گلوان میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کے بعد جولائی کے آغاز میں انڈین حکومت نے صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت کو مہیا کرنے کے شبہے میں ٹک ٹاک سمیت 59 چینی ایپلی کیشنز کو بند کیا ہے۔

شیئر: