Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان: ایکسپو 2025 اوساکا میں سعودی پویلین کا افتتاح

ایکسپو 2025 میں سعودی پویلین جاپان کے بعد دوسرا سب سے بڑا پویلین ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے ایکسپو 2025 اوساکا میں اتوار کے روز سعودی عرب کے خوبصورت پویلین کا افتتاح کیا۔
عرب نیوز کے مطابق ایکسپو 2025 میں سعودی پویلین میزبان ملک جاپان کے پویلین کے بعد دوسرا سب سے بڑا ہے جو مملکت کی شاندار تاریخ، جدید اختراعات اور روشن مستقبل کی تصویر پیش کر رہا ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر سعودی وزیر نے جاپان کی جانب سے ایکسپو 2025 کے بہترین انتظامات، مہمان نوازی اور سعودی پویلین کے لیے فراہم کردہ سہولیات اور مکمل تعاون پر گہری قدر ومنزلت کا اظہار کیا۔ 
وزیر ثقافت نے سعودی عرب اور جاپان کے درمیان خصوصی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں ممالک رواں سال اپنے دو طرفہ تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شہزادہ بدر فرحان نے مہمانوں کو سعودی پویلین کا دورہ کرنے کی دعوت دی  کہ آئیں اور ہمارے ورثے کی حقیقت،  پُرعزم تبدیلیوں اور ہماری ثقافت کو دریافت کریں۔

سعودی عرب اور جاپان  رواں سال دو طرفہ تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

تقریب میں جاپان میں سعودی سفیرغازی فیصل بن زقر بھی موجود تھے تقریب سے قبل سعودی عرب کا قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔
وزیر ثقافت نے کہا ’ایکسپو 2025 اوساکا میں ’ڈسکور سعودی عرب‘ کے عنوان سے مملکت کے پویلین کے افتتاح  کرتے ہوئے ہمیں انتہائی خوشی ہے۔
سعودی پویلین کے پُرعزم ڈیزائن کے ذریعے ہم مملکت اور جاپان کے درمیان مشترک اقدار اور ہم آہنگی کو اجاگر کرتے ہیں۔

سعودی پویلین مملکت کے وژن 2030 کی دلکش تصویر پیش کرتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

افتتاحی تقریب میں سعودی عرب کے نائب وزیر ثقافت اور بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے لیے مملکت کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین حامد فایز اور معاون وزیر ثقافت راکان التوق بھی شریک تھے۔
یہ پویلین سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کے سفر کی دلکش تصویر پیش کرتا ہے اور سعودی عرب کی ثقافت اور ورثے کی عکاسی کرنے والے شہروں اور دیہات  کی منظرکشی کرتا ہے۔
 

 

شیئر: