Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناک میں کورونا کٹ ٹوٹنے سے بچہ ہلاک

بچے کا جسم گرم ہو رہا تھا جس پر ہسپتال لے جایا گیا (فوٹو: العربیہ)
 سعودی عرب میں ناک میں کورونا ٹیسٹ کٹ ٹوٹنے کے باعث ڈیڑھ سالہ سعودی بچہ عبدالعزیز الجوفان چل بسا۔
اہل خانہ درجہ حرارت بڑھ جانے پر طبی معائنے کے لیے  بچے کو ہسپتال لے گئے تھے۔ طبی عملے نے کورونا وائرس کے شبے میں ٹیسٹ کے لیے کٹ بچے کی ناک میں داخل کی جس کے ٹوٹ جانے سے  بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق بچے کے چچا نے بتایا کہ ’سچی بات یہ ہے کہ بچہ لاعلاج امراض میں مبتلا تھا اور نہ کسی نازک بیماری کا شکار تھا۔  بچے کا جسم گرم ہو رہا تھا جس پر ہسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹر نے شبے کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا‘۔
بچے کے چچا نے مزید بتایا کہ ’جب کورونا ٹیسٹ کٹ بچے کی ناک میں ٹوٹ گئی تو ڈاکٹر نے علاج کے لیے اسے ہسپتال میں داخل کردیا۔ آپریشن کے لیے بے ہوش کردیا گیا۔ رات ایک بچے بتایا گیا کہ آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور بچے کی ناک سے کورونا ٹیسٹ کٹ نکال لی گئی ہے‘۔

 ڈاکٹر نے شبے کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا تھا (فوٹو: العربیہ)

’ آپریشن کے بعد بچہ ہوش میں آگیا تھا۔ بچے کی والدہ بھی وہاں موجود تھیں اور نرسوں سے مسلسل درخواست کر رہی تھیں کہ آپریشن کے بعد متعلقہ  ڈاکٹر بچے کا معائنہ کریں اور اس بات کا یقین حاصل کریں کہ کورونا کٹ مکمل طورپر نکل چکی ہے۔ خون بہنا بند ہوگیا ہے اور بچے کو تنفس میں کوئی مشکل تو پیش نہیں آرہی ہے مگر نرسیں کہتی رہیں کہ ڈاکٹر نہیں ہے انتظار کیا جائے‘۔
 بچے کے چچا کا کہنا تھا کہ ’صبح 9 بجے بچہ اچانک بے ہوش ہوگیا۔ ماں نے فوری طور پر نرسوں کو اطلاع دی۔ سانس آنا بند ہوگئی تھی جس پر بچے کو مصنوعی تنفس فراہم کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہسپتال پہنچ کر ڈاکٹر کو طلب کیا۔ ایکسرے میں پتا چلا کہ بچے کے ایک پھیپھڑے میں تنفس کی نالی بند نظر آرہی ہے۔ بچے کی حالت بگڑنے پر جان بچانے کے لیے اسے ریاض کے سپیشلسٹ ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی‘۔
’ دوپہر بارہ بج کر 18 منٹ پر منظوری آگئی۔ ایمبولینس کا انتظار کرتے رہے جو ٹھیک ایک گھنٹے بعد پہنچی اور بچہ ہسپتال پہنچتے پہنچتے دم توڑ گیا۔

شیئر: