ریسلنگ سٹار جان سینا بھی ایشوریا رائے کے مداح
اتوار 19 جولائی 2020 16:20
جان سینا نے امیتابھ اور ابھیشیک کی تصویر بھی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
ڈبلیو ڈبلیو ای سٹار جان سینا بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے والی سابق مِس یونیورس اور بالی اداکارہ ایشوریا رائے بچن کے مداح نکلے ہیں اور انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ان کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جان سینا نے تصویر کے ساتھ کوئی کیپشن تو نہیں دیا لیکن ان کے تصویر شیئر کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایشوریا کے مداحوں میں سے ہیں، اور انہیں بالی وڈ سے لگاؤ ہے۔
ایشوریا رائے کو سنیچر کے روز ان کی آٹھ سالہ بیٹی کے ہمراہ ممبئی کے ایک ہسپتال کے کورونا وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ایشوریا اپنے گھر میں قرنطینہ میں تھیں، مگر سانس لینے میں مشکل پیش آنے کی شکایت پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
گذشتہ ہفتے امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جان سینا نے ان کی تصویر بھی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔
امیتابھ بچن نے ہسپتال سے اپنے بیٹے بہو اور پوتی کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لوگوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’ہم آپ کا پیار دیکھ رہے ہیں۔ ہم آپ کی دعائیں سن رہے ہیں۔ ہم نے شکرانے میں اپنے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں۔‘
جان سینا نے اس سے قبل بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت، عرفان خان اور رشی کی ہلاکت کے بعد ان کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
واضح رہے کہ انڈیا دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں وبا سے 10 لاکھ 38 ہزار 716 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 26 ہزار 273 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔