ایشوریا رائے ممبئی ہسپتال کے کورونا وارڈ منتقل
انڈین فلم انڈسٹری کے مشہور بچن خاندان کے چار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
انڈیا کی فلم انڈسٹری بالی وڈ کی مشہور اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے کو ان کی آٹھ سالہ بیٹی کے ہمراہ ممبئی کے ایک ہسپتال کے کورونا وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے انڈین میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایشوریا اور ان کی بیٹی کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس تشخیص ہوا تھا اور وہ گھر پر قرنطینہ میں تھے مگر سانس لینے میں مشکل پیش آنے کی شکایت پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایشوریا کے شوہر ابھیشیک اور ان کے والد امیتابھ بچن پہلے ہی کورونا کی وجہ سے ممبئی کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ایشوریا اور ان کی بیٹی کو ممبئی کے نانوتی ہسپتال کے کورونا وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت بہتر ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے حوالے سے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ 77 سالہ امیتابھ بچن اور ان کے 44 سالہ بیٹے ابھیشیک کی طیبعت بھی بہتر ہے اور ان میں کورونا کی معمولی علامات پائی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ٹویٹ کرکے بچن فیملی کے کورونا سے متاثر ہونے کے بارے میں معلومات دی تھیں۔
راجیش ٹوپے نے بتایا تھا کہ امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کی کووڈ 19 کی رپورٹ منفی آئی۔
قبل ازیں ماضی کی معروف اداکارہ ہیما مالنی کے بارے میں بھی سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ان کی صحت خراب ہے تاہم انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کے مداح پریشان نہ ہوں۔