Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معذور بچوں کی مددگار سسٹر روتھ لیوس کا انتقال

قریبی افراد کے مطابق روتھ لیوس کی زندگی معذوروں کے لیے وقف تھی (ٖفوٹو سوشل میڈٰیا)
کراچی میں ذہنی و جسمانی معذور بچوں کے لیے دارالسکون نامی ادارہ چلانے والی سسٹر روتھ لیوس کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔
منگل کو سامنے آنے والی اطلاع کے بعد سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے صارفین نے سماجی خدمت کے لیے زندگی وقف کرنے والی روتھ لیوس کو خوبصورت انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
دارالسکون کی انتظامیہ کے مطابق سسٹر روتھ لیوس میں آٹھ جولائی کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
تعلیمی و فلاحی ادارے دارالسکون کی بانیوں میں سے ایک سسٹر روتھ لیوس کا انتقال پیر کی شب نو بجے کے قریب ہوا۔ ادارے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کی آخری رسومات کل دوپہر دو بجے ادا کی جائیں گی جس کے بعد ان کی تدفین کراچی کے گورا قبرستان میں ہو گی۔
سوشل میڈیا صارفین نے روتھ لیوس کی خدمات کا تذکرہ کیا تو 1969 سے اب تک کے 50 برسوں کے دوران جسمانی و ذہنی معذور بچوں کے تعلیمی و فلاحی ادارے سے متعلق ان کی سماجی خدمات سے جڑی یادیں بھی تازہ کیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی ٹویٹ میں سسٹر روتھ لیوس کی سماجی خدمات کا ذکر کیا تو ان کے انتقال سے ہونے والے نقصان کی نشاندہی بھی کی۔

روتھ لوئس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’دارالسکون کے بچوں کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان نے بڑا اثاثہ کھو دیا‘۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: