عجائب گھر اتھارٹی سعودی ماہرین تیار کرے گی
جمعرات 23 جولائی 2020 10:44
مجلس انتظامیہ کے چیئرمین وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان ہوں گے (فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت ثقافت نے عجائب گھروں کے ادارے کی مجلس انتظامیہ قائم کی ہے۔ چیئرمین وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان ہوں گے جبکہ نائب وزیر ثقافت حامد فایز رکن اور ڈپٹی چیئرمین ہوں گے۔ مجلس انتظامیہ کے ارکان میں مارکوس ہیلگٹ، رفعت شیخ، کریس ڈریگون، جینفر سٹاکمین اور منی خزندار شامل ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق عجائب گھروں کی مجلس انتظامیہ مقررہ اہداف کے حصول کے ضروری فیصلوں کا جائزہ لے گی۔ حکمت عملی پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی۔ پالیسیاں اور قواعد و ضوابط طے کرے گی۔
مجلس انتظامیہ کی مدت 3 سال رکھی گئی ہے جس میں توسیع ہوسکتی ہے۔ اس کے سال میں چار بار اجلاس ہوں گے۔ ضرورت پڑنے پر مزید اجلاس منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
عجائب گھروں کی اتھارٹی اپنے ایگزیکٹیو چیئرمین سٹیفانوکاربونی کی قیادت میں عجائب گھروں کو جدید خطوط پر استوار کرے گی اور اس شعبے میں سعودی ماہرین تیار کرے گی۔
اتھارٹی اپنے دائرہ کار کے تحت تربیتی کورس کرائے گی۔ عجائب گھروں سے متعلق تعلیمی و تربیتی پروگرام منعقد کرے گی- سکالر شپ بھی دے گی۔
عجائب گھروں سے متعلق اعداد و شمار اور معلومات جمع کرکے ان کے حوالے سے آگہی کا معیار بلند کرے گی۔ اس حوالے سے کانفرنسیں، نمائش، مقامی اور بین الاقوامی پروگرام اور مسابقے کرائے گی۔ کمپنیوں کے قیام میں حصہ لے گی، دیگر کمپنیوں میں شرکت کرے گی جبکہ عجائب گھروں کی بابت ہونے والی علاقائی اور بین الاقوامی تقریبات میں سعودی عرب کی نمائندگی کرے گی۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں