Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سُشانت سنگھ راجپوت کیس میں کنگنا رناوت کی طلبی

کنگنا رناوت کے منالی والے گھر پر سمن بھیجا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کیس میں بالی وڈ سٹار کنگنا رناوت کو ممبئی پولیس نے سمن جاری کیے ہیں جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کیس میں پولیس کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروائیں۔
انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ممبئی کی باندرہ پولیس سشانت سنگھ کی مبینہ خودکشی کے حوالے سے ان الزامات پر تحقیق کر رہی ہے کہ ان کی خودکشی کے پیچھے ذہنی دباؤ کے علاوہ پیشہ وارانہ رقابت کا عنصر بھی شامل تھا۔
گذشتہ ماہ ممبئی میں سشانت سنگھ کی اپنے اپارٹمنٹ میں موت کے بعد اداکارہ کنگنا رناوت نے الزام عائد کیا تھا کہ سشانت سنگھ بالی وڈ میں مافیا اور اقربا پروری کا نشانہ بنے ہیں۔
ایک پولیس اہلکار کے مطابق کنگنا رناوت اس وقت منالی میں ہیں اور 'انہیں ان کے منالی والے گھر پر سمن اس لیے بھیجا گیا ہے تاکہ سشانت سنگھ کے ذہنی دباؤ کے پیچھے وجوہات جانی جا سکیں اور اسی لیے پولیس چاہتی ہے کہ کنگا رناوت کا موقف لیا جائے۔'
پولیس فی الحال اس کیس کے حوالے سے 38 سے زائد لوگوں کے بیانات قلمبند کر چکی ہے جس میں سشانت سنگھ راجپوت کے خاندان کے لوگ اور ان کی قریبی دوست ریا چکربورتی بھی شامل ہیں۔
حال ہی میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے سیاست دان سبرامینین سوامی نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی تھی کہ انڈیا کی سب سے اعلیٰ تفتیشی ایجنسی سی بی آئی سے سشانت سنگھ کی موت کی تحقیقات کروائی جائیں۔

پولیس کیس کے حوالے سے 38 سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کر چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دہلی میں رہنے والے ایک وکیل، اشکرن سنگھ بھنڈاری نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ سبرامینین سوامی کے خط کو وزیراعظم نریندر مودی نے تسلیم کر لیا ہے۔
وہ لوگ جو سشانت سنگھ کی موت پر تحقیقات کے لیے سی بی آئی کی مدد چاہتے ہیں ان کے لیے سبرامینین سوامی نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ایسے افراد اپنے علاقے کے ایم پی کو خط لکھیں اور اس میں وزیراعظم سے سی بی آئی کی مدد طلب کرنے کی درخواست کریں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں