’کنگنا نے سشانت کی موت کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا‘
’کنگنا نے سشانت کی موت کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا‘
پیر 20 جولائی 2020 11:46
کنگنا رناوت نے حال ہی میں تاپسی پنو کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنی ہی انڈسٹری سے منسلک فنکاروں کو اکثر تنقید کا نشانہ بناتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے سشانت سنگھ کی موت کا ذمہ دار انڈسٹری میں موجود ’فلم مافیا‘ کو ٹھہرایا تھا جس کا بالی وڈ میں انتہائی اثرو روسوخ ہے اور جو کنگا کے بقول صرف اپنے دوستوں اور احبابوں کو نوازتا ہے۔
اس مرتبہ انہوں نے ’تھپڑ‘ فلم کی ہیروئن تاپسی پنو پر الزام عائد کیا کہ ان جیسے ‘آؤٹ سائڈرز’ کرن جوہر کی حمایت کرتے ہیں۔ کنگنا رناوت کی تنقید سے قبل ان کی بہن رنگولی چنڈل بھی تاپسی پنو پر تبصرہ کر چکی ہیں کہ وہ کنگنا کی ’سستی کاپی‘ ہیں۔
انڈیا کے ریپبلک ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کنگنا نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ بالی وڈ پر تنقید کر کہ وہ انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع کھو سکتی ہیں، اور ان کی جگہ انڈسٹری کے باہر سے لاکر خواتین کو کھڑا کر دیا جائے گا جو کبھی بھی اٹھ کر کہنے کو تیار ہوں گی کہ ’صرف کنگنا کو نیپوٹزم یعنی اقربا پروری پر اعتراض ہے، لیکن ہمیں تو کرن جوہر سے پیار ہے۔‘ کنگنا نے ایسی خواتین کی مثال دیتے ہوے تاپسی پنو اور سوارا بھاسکر کا نام لیا۔
کنگنا نے تاپسی پنو اور سوارا بھاسکر سے سوال کیا کہ اگر ان دونوں کو کرن جوہر سے اتنا پیار ہے تو پھر وہ ابھی تک بی گریڈ اداکارائیں کیوں ہیں، انہیں انڈسٹری میں کام کیوں نہیں ملتا جبکہ وہ دکھنے اور اداکاری میں عالیہ بھٹ اور عنایا پانڈے سے زیادہ بہتر ہیں۔
کنگنا نے مزید کہا کہ تاپسی پنو کا وجود بالی وڈ میں اقربا پروری کا ثبوت ہے، تاپسی صرف اس لیے فلم انڈسٹری سے متعلق خوشی کا اظہار کرتی ہیں تاکہ وہ انہیں پاگل ثابت کر سکیں۔
تاپسی پنو نے کنگنا کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سشنات سنگھ کی موت کا فائدہ اٹھاتا ہوئے ذاتی دشمنیاں نمٹا رہی ہیں۔ تاپسی نے کہا کہ نہ تو وہ کسی کی موت سے فائدہ حاصل کریں گی، اور نہ ہی انڈسٹری کا مذاق اڑائیں گی جس نے انہیں شناخت دی اور جو ان کی کمائی کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اہم موضوعات پر آواز اٹھاتی رہی ہیں اور اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف تب بھی بیان دیا تھا جب فلم ’پتی پتنی اور وہ‘ میں غلط طریقے سے کسی اور اداکارہ کو ان کا کردار سونپ دیا گیا تھا۔
تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ بے شک ان کی جگہ پر نوجوان اداکاروں کو فلموں میں موقع دیا گیا، لیکن کنگنا اور رنگولی چنڈل کا ان پر الزام تراشی کرنا ہراسگی کے ضمرے میں آتا ہے۔
تاپسی نے کرن جوہر کے حوالے سے بھی وضاحت دی کہ انہوں نے کبھی کرن جوہر کے لیے پسندیدگی یا نفرت کا اظہار نہیں کیا۔
تاپسی نے کہا کہ ان کا کرن جوہر کے ساتھ صرف رسمی تعلق ہے اور دونوں کے درمیان زیادہ بات چیت کبھی نہیں ہوئی۔