’سشانت کی فلم سینما گھروں میں ریلیز ہونی چاہیے تھی‘
’سشانت کی فلم سینما گھروں میں ریلیز ہونی چاہیے تھی‘
منگل 30 جون 2020 13:43
سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ آن لائن پلیٹ فارم پر ریلیز ہوگی (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین گلوکار دلجیت دوسانجھ نے کہا ہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم آن لائن کے بجائے سینما گھروں میں ریلیز ہونی چاہیے تھی۔
انسٹا گرام پر گلوکار اور ’اڑتا پنجاب‘ فلم کے اداکار دلجیت دوسانجھ نے سشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ فلم سینما گھروں میں ریلیز ہونی چاہیے تھی، میں سشانت سنگھ سے دو دفعہ ملا ہوں۔ وہ ایک عظیم آدمی تھا، میں اس فلم کو ضرور ہاٹ سٹار پر دیکھوں گا۔‘
’دل بیچارہ‘ 24 جولائی کو ڈزنی اور ہاٹ سٹار پر سبسکرائبرز اور نان سبسکرائبرز کے لیے ریلیز ہوگی۔
سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے ایک ہفتے بعد اس فلم کی ڈیجیٹل ریلیز کا اعلان کیا گیا تو سوشل میڈیا پر سوشانت سنگھ کے فینز دلجیت دوسانجھ کی طرح اس فلم کی ریلیز سینماؤں میں چاہ رہے تھے۔
سشانت سنگھ راجپوت کے ایک فین نے لکھا ’یہ ٹھیک نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دل بیچارہ کی ریلیز سینماؤں میں ہو۔ تو اس طرح ہمیں موقع مل جائے گا کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی فلم کو بلاک بسٹر بنا کر ان کو خراج تحسین پیش کیا جائے۔‘
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم کی ڈیجیٹل ریلیز کے خلاف فینز کے ردعمل پر سشانت سنگھ راجپوت کی ساتھی اداکارہ سنجنا سانگھی نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو قبول کریں۔
انہوں نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ پر لکھا کہ ’پردہ ابھی فی الحال بڑا نہ ہو، ہمارا دل تو ہو سکتا ہے نا؟‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر فلم کو بلاک بسٹر بنانا ہے تو آپ کے پیار سے بن جائے گی۔ ہمیشہ باکس آفس کی ضرورت تو نہیں ہوتی، ہے نا؟‘
’دل بیچارہ‘ کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم ہے۔
یہ فلم جان گرین کی کتاب ’دی فالٹ ان ٓاور سٹار‘ پر مبنی ہے۔
14 جون کو بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی میں اپنے گھر میں خودکشی کر لی تھی۔