'پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں 80 فیصد کمی'
'پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں 80 فیصد کمی'
اتوار 26 جولائی 2020 18:25
ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق حکومت نے گزشتہ عید کے تجربے سے سبق سیکھا ہے (فوٹو:اردو نیوز)
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے پاکستان میں کورونا وائرس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں میں 80 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم عید کے بعد کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ظفر مرزا نے اس خدشے کا اظہار اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔
حکومتی ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں جون کے مہینے میں روزانہ کی بنیاد کی پر کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا تھا اور روزانہ ہلاکتیں 150 تک پہنچ گئی تھیں۔
تاہم اب ہلاکتوں میں کمی آرہی ہے اور سنیچر کو اس وبا سے 24 اموات ہوئی ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ 'پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 80 فیصد کم ہوئی ہے جبکہ مثبت کیسز 23 فیصد سے کم ہوکر 6 فیصد پر آگئے ہیں۔
پاکستان میں اب کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار ہے جن میں سے 5 ہزار 800 مریض ہلاک ہوگئے ہیں۔
کچھ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی اصل تعداد کو ظاہر نہیں کرتی کیونکہ بہت سے لوگ ٹیسٹ نہیں کرواتے اور ٹیسٹوں کی شرح بھی بہت کم ہے۔
ظفر مرزا نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں ملک کو دو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا ان میں پہلا عید الاضحٰی اور دوسرا محرم الحرام میں سامنے آسکتا ہے۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل نے اتوار کوبتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار ٹیسٹس روانہ کی گنجائش میں سے صرف 23 ہزار ٹیسٹ کیے گئے۔
ٹیسٹنگ کی شرح کم ہونے کی وجہ جاننے کے لیے جب پوچھا گیا تو وزارت صحت کی جانب سے فوری طور پر جواب سامنے نہیں آیا۔
بہت سے لوگوں نے مئی میں رمضان کے اواخر میں سماجی فاصلے کے اصول کو نظر انداز کرتے ہوئے مارکیٹوں اور مساجد کا رخ کیا جس نے کووڈ 19 کے پھیلاؤ میں ایندھن کا کردار ادا کیا۔
عید کی تقریبات کے دوران وائرس کے پھیلنے کے خطرے سے متعلق بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے 'گزشتہ عید کے تجربے سے سبق سیکھا' ہے اور اس عید سے قبل ہی حکومت نے تیاریوں کا آغاز کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مویشی منڈیوں کا رخ نہیں کرنا چاہیے بلکہ آن لائن خریداری کرنی چاہیے تاکہ کورونا وائرس کے نئے کیسز سے بچ سکیں۔
ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی لاپرواہی صورتحال کو بدتر کر سکتی ہے۔