پاکستان میں حکام کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔
اتوار کی صبح جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے دو لاکھ 37 ہزار 434 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جس کے بعد ایکٹیو کیسز کی تعداد 29 ہزار 857 رہ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اب تک پانچ ہزار 822 اموات ہوئی ہیں جبکہ ایک ہزار 267 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 35 اموات ہوئیں جبکہ ایک ہزار 226 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس دوران پاکستان میں 23 ہزار 254 کورونا ٹیسٹ کرائے گئے۔
مزید پڑھیں
-
ادویات کی قیمتوں میں اضافہ: 'سفارشات طلب کی ہیں'Node ID: 493336
-
کورونا کی دو ویکسینز کے کامیاب تجرباتNode ID: 493551
-
یورپی یونین کی کم قیمت پر ویکسین خریدنے کے لیے بات چیتNode ID: 494471
پاکستان میں اب تک دو لاکھ 73 ہزار 113 کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا کا پہلا کیس رواں سال فروری کے اواخر میں کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔
ہلاکتوں کے لحاظ سے صوبہ سندھ اب پہلے نمبر پر ہے جہاں دو ہزار 135 مریضوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ پنجاب میں دو ہزار 116 افراد موت کے منہ میں گئے۔
کورونا کے باعث خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 176، اسلام آباد میں 163، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 47 اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 49 افراد ہلاک ہوئے۔
کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد پاکستان میں مارچ کے تیسرے ہفتے سے دو ماہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس کے بعد کاروبار کو بتدریج کھولنے کی اجازت دی گئی۔
