کورونا بحران نے اس سال حج موسم کو متاثر کیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر وزارت حج وعمرہ)
سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبد اللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ کورونا بحران نے اس سال حج موسم کو متاثر کیا ہے۔
وزیر اسلامی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ماضی میں بھی مقدس مساجد، منی، مزدلفہ، عرفات اور ان کے زائرین کی خدمت کرتا رہا ہے۔ اب بھی کررہا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق آل الشیخ نے کہا کہ سعودی عرب کورونا وبا کی مدافعت پوری قوت سے کررہا ہے۔ اسے انسانی جانوں کے تحفظ کا بھرپور احساس ہے۔ سعودی عرب حج کرنے والوں کی صحت پر وبا سے پڑنے والے اثرات کا جائزہ لے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کرنے والوں کی صحت و سلامتی اولین ترجیح ہے۔ اس کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ اس سال حج موسم میں حاجیوں کی سلامتی کو غیرمعمولی اہمیت دی جارہی ہے۔
دریں اثنا وزارت صحت نے اس سال نئے کورونا وائرس کے ماحول میں حج کرنے والے غیرملکیوں اور سعودی شہریوں کو صحت خدمات فراہم کرنے کے لیے موبائل کلینک تعینات کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حج قافلے جہاں جہاں جائیں گے میڈیکل ٹیمیں ہمراہ ہوں گی۔ منی، مزدلفہ اور عرفات میں موبائل کلینک موجود ہوں گے۔
وزارت صحت نے حج موسم کے دوران حاجیوں کی ہر رہائش پر کلینک کا انتظام کیا ہے جبکہ حاجیوں کے ہر گروپ کے ساتھ صحت عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔ صحت عملے کو جدید ترین مشینیں، ادویہ اور جملہ ساز و سامان مہیا کیا گیا ہے تا کہ جہاں بھی کوئی صحت مسئلہ پیش آئے تو میڈیکل ٹیم سہولت مہیا کرے۔