ٹک ٹاک پر موٹر سائیکلوں اور نہروں کے اوپر سے چھلانگ لگانے کی ویڈیوز شیئر کرنے نوجوان کو پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ٹرائلز کے لیے لاہور بلا لیا ہے۔
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے آصف کو ٹرائلز کے لیے لاہور بلایا گیا ہے۔ ایک دو روز میں وہ لاہور آنے کا بتائیں گے۔'
سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے آصف مگسی کی نہروں اور موٹر سائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگانے والی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ان کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
مائیک ٹائسن کی پندرہ برس بعد واپسیNode ID: 494441
-
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کتنی ٹیمیں کھیلیں گی؟Node ID: 494991
-
’پہلے ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا سوچا‘Node ID: 496186
سیکرٹری جنرل محمد ظفر کہتے ہیں کہ لاہور میں ٹرائلز کے دوران کھلاڑی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
'انہوں نے گیارہ موٹر سائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگائی ہے۔ یہ فاصلہ تقریباً 22 فٹ بنتا ہے، ان کی دیگر ویڈیوز بھی دیکھی ہیں لیکن لاہور میں ٹرائلز کے دوران صحیح جائزہ لیا جائے گا، تکنیکی ٹیم بھی ان کی کارکردگی دیکھے گی پھر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کو کس قسم کی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔'
'آصف بہترین لانگ جمپ لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں'
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے ہیڈ کوچ اصغر علی گل نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آصف مگسی میں وہ صلاحیتیں موجود ہیں جو کہ ایک بین الاقوامی معیار کے لانگ جمپر میں ہوتی ہیں۔
اصغر علی گل کے مطابق 'کسی بھی لانگ جمپر میں تین بنیادی خصوصیات دیکھی جاتی ہیں۔'
'سب سے پہلے لانگ جمپ لگانے والے کی ٹیک آف پوزیشن کو دیکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد سب سے اہم چھلانگ لگانے کے بعد ہوا میں کھلاڑی کی سائیکلنگ کرنا ہوتا ہے، آصف میں یہ دونوں خصوصیات موجود ہیں۔'
ہیڈ کوچ اصغر علی گل کہتے ہیں کہ آصف مگسی کے اندر انہوں نے خداداد صلاحیتیں دیکھی ہیں 'پروفیشنل جمپر کی نشانی ہے کہ وہ ٹیک آف کے بعد ہوا میں کس طرح اپنے دائیں اور بائیں ٹانگوں کے ساتھ سائیکلنگ کرتے ہیں۔'
'جس طرح اطہر ندیم خداداد صلاحیتوں کا مالک ہے اسی طرح مجھے آصف مگسی میں بھی صلاحتیں نظر آئی ہیں۔'
ہیڈ کوچ اصغر علی گل کہتے ہیں کہ آصف مگسی میں صلاحیتیں موجود ہیں۔ اب یہ کوچ کا کمال ہوگا کہ کس طرح ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کیا جائے۔
'صلاحیتیں تو اس میں موجود ہیں، اب یہ کوچز پر منحصر ہے کہ وہ بین الاقوامی معیار کے ایتھلیٹس کے ساتھ مقابلہ کرنے کے دباؤ کو برداشت کرنے کے لیے انہیں کس طرح تیار کرتے ہیں۔'
سوشل میڈیا پر 22 سالہ نوجوان آصف مگسی کی 11 موٹرسائیکلوں پر لانگ جمپ لگا کر لوگوں کو حیرت میں ڈالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین انہیں شاباش دیتے نظر آئے۔
سینیئر سپورٹس صحافی عبدالمحی شاہ نے آصف مگسی کی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘بے شک ہمارے دیہی علاقوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن اس لڑکے کے پاس لانگ جمپ اور ٹرپل جمپ کی بہترین صلاحیت موجود ہے۔‘
What a talent this youngster has got for long and triple jump. Indeed our rural areas are full of talented athletes. pic.twitter.com/lHiV5nmQu3
— Mohi shah (@mohishah1) August 2, 2020
آصف کی ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی انہیں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی داد ملنا شروع ہوگئی۔
اولمپکس کے عالمی مقابلوں میں کئی میڈلز اپنے نام کرنے والے معروف ایتھلیٹ کارل لیوس نے ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'دراصل خوف نہ ہونے کی وجہ سے اس نے بہت ہی عمدہ ذہن پایا ہے۔‘
فیصان لاکھانی نے آصف کی ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'آصف کی 11 موٹرسائیکلوں پر سے چھلانگ کی ویڈیو نے سب کو اپنی طرف متوجہ کرلیا تھا اور ایتھلیٹکس فیڈریشن کی طرف سے آصف کو دعوت بھی موصول ہوئی تھی۔ یہ دیکھیں آصف کی ایک اور ویڈیو! اگرچہ یہ صلاحیت ابھی کچی ہے مگر مناسب تربیت سے آصف کو پاکستان کے روشن مستقبل میں بدل سکتی ہے۔‘
جہاں کئی سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن جیسے اداروں سے اس نوجوان کی ٹریننگ کی درخواست کی وہیں کئی پاکستانی ٹرینرز کو نااہل بھی قرار دیتے رہے۔ ٹوئٹر صارف سہیل معراج نے لکھا کہ ’پاکستان میں زیادہ تر ٹرینرز نیم حکیم خطرہ جان ہیں۔ اس لڑکے کو فوری طور پر سکالرشپ پر کسی بیرون ملک روانہ کر دینا چاہیے اور اپنے بچوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنا چاہیے۔‘
جسمانی کھیلوں میں حصہ لینے والے صارفین کا کہنا تھا کہ آصف کے پاؤں کی پوزیشن ابھی پختہ نہیں ہے اس پر بہتر طریقے سے کام کیا جا سکتا ہے جس کے جواب میں صارفین کا کہنا تھا کہ بے شک آصف کو ٹریننگ کی مزید ضرورت ہے جو کہ تربیت اور بہتر جوتوں کے ساتھ ممکن ہے مگر یہاں وہ جوتوں کے بغیر ہے.
ٹوئٹر صارف افسر اقبال نے لکھا کہ ’کاش مسقبل میں سپورٹس کے حوالے سے کوئی ایسا مربوط نظام بن جائے جس میں کسی بھی کھلاڑی کو اپنی ویڈیو وائرل ہونے کا انتظار نہ کرنا پڑے‘
ملیحہ ہاشمی نے آصف کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’زبردست، ایک چھوٹے سے شہر سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ آصف کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی پاکستان ایتھلیٹکس فیڈڑیشن نے اس نوجوان کو ٹرائلز کے لیے لاہور مدعو کرلیا ہے۔'