سعودی فٹبال ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس 2020 کوالیفائی کر لیا
سعودی فٹبال ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس 2020 کوالیفائی کر لیا
جمعرات 23 جنوری 2020 11:46
سعودی عرب کی فٹبال ٹیم نے ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس2020میں کھیلنے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تھائی لینڈ میں کھیلے جانیوالی ایشین انڈر۔23چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں سعودی عرب نے ازبکستان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس2020 کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
اٹلانٹا 1996 کے بعد سعودی فٹبال ٹیم جاپان اولمپکس میں کھیلے گی۔(فوٹو نیوز ون)
دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کی فٹبال ٹیم نے بھی آسٹریلیا کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر۔ 23 چیمپیئن شپ کا فائنل سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے درمیان بینکاک میں کھیلا جائے گا۔
اٹلانٹا 1996 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سعودی عرب کی فٹبال ٹیم اولمپکس میں شرکت کرے گی۔
ایشین انڈر۔ 23 چیمپیئن شپ میں تیسری پوزیشن کے لیے آسٹریلیا اور ازبکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ،جیتنے والی ٹیم ایشیا کی تیسری ٹیم کے طور پر جاپان اولمپکس 2020کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 16ٹیموں میں جاپان کی ٹیم میزبان کی حیثیت سے شامل ہو گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2012 کے لندن اولمپکس میں جنوبی کوریا نے جاپان کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کا تمغہ جیت لیا تھا۔