سعودی کوسٹ گارڈز بیمار ترک ملاح کی مدد کے لیے پہنچ گئے
سعودی کوسٹ گارڈز بیمار ترک ملاح کی مدد کے لیے پہنچ گئے
ہفتہ 8 اگست 2020 14:58
امدادی پیغام میں کہا گیا تھا کہ ایک سیلر کی طبیعت خراب ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کوسٹ گارڈز بیمار ترک ملاح کی مدد کے لیے پہنچ گئے ۔ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
جہاز کے کیپٹن نے ملاح کی طبیعت خراب ہو نے پر سعودی کوسٹ گارڈز سے مدد طلب کی تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے کوسٹ گارڈ کے ترجمان کرنل مسفر القرینی کے حوالے سے بتایا کہ’ بحیرہ احمر میں سفر کرنے والے کارگو جہاز جس پر ’جزائر مارشل ‘ جہاز راں کمپنی کا جھنڈا لگا ہواتھا کے کیپٹن کی جانب سے کنٹرول روم میں امداد کا پیغام موصول ہوا‘۔
’امدادی پیغام میں کہا گیا تھا کہ ان کے ایک سیلر کی طبیعت خراب ہے جسے طبی امداد درکار ہوگی‘۔
کرنل مسفر نے مزید کہا کہ’ کوسٹ گارڈ کی امدادی ٹیم فوری طور پر جہاز کی سمت کا تعین کرنے کے بعد وہاں پہنچ گئی۔ ترک ملاح جسے انتہائی تیز بخار تھا کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے اپنی کشتی کے ذریعے ساحل کے ہسپتال منتقل کردیا‘۔
بعدازاں ملاح کو جازان کے شہزادہ محمد بن ناصر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔