Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: بم دھماکے میں 5 افراد ہلاک، 21 زخمی

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ہدف اے این ایف کی گاڑی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے شہر چمن میں بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق کوئٹہ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور افغان سرحد سے ملحقہ چمن کے مصروف علاقے مال روڈ پر پیر کی صبح اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی گاڑی گزر رہی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر چمن ذکا درانی نے حملے میں پانچ افراد کی ہلاکت اور 21 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق مرنے والے تمام افراد راہ گیر اور عام شہری تھے جبکہ زخمیوں میں دو اے این ایف اہلکار بھی شامل ہیں۔ 
اسسٹنٹ کمشنر نے اردو نیوز کو بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال چمن پہنچا دیا گیا ہے، ضرورت پڑنے پر شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔ 
اسسٹنٹ کمشنرچمن کے مطابق دھماکے سے اے این ایف کی گاڑی سمیت کئی گاڑیوں اور دس سے زائد موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ 
ذکا درانی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جس کا ہدف اے این ایف کی گاڑی تھی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

شیئر: