Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: بارش کے باعث تیسرے دن کا کھیل ضائع

میچ کے دوسرے روز بھی پاکستانی بلے نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکا۔ میچ آفیشلز نے دن میں تین بار گراؤنڈ اور پچ کا معائنہ کیا تاہم انہوں نے بارش کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے میچ شروع کرنے کا سگنل نہیں دیا۔
اس طرح بارش کے باعث کوئی گیند کیے بغیر پورے دن کا کھیل ضائع ہوگیا۔
اس طرح پاکستانی ٹیم اتوار کو میچ کے چوتھے روز 223 سے ہی اپنی اننگز دوبارہ شروع کرے گی جبکہ اس کی صرف ایک وکٹ باقی ہے۔

 

میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 9 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 223 رنز بنائے تھے جس کے بعد خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا تھا۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ نسیم شاہ نے ایک رن بنایا ہے۔
دوسرے روز کا کھیل دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور پھر خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا آغاز 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز سے کیا تھا اور دن کے اختتام تک نو وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے تھے۔ میچ کے دوسرے روز بھی محمد رضوان کے علاوہ پاکستان کا کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔
پاکستان کو پہلا بڑا نقصان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے سے ہوا جو 47 رنز بنا کر سٹوارٹ براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد عباس دو رنز بنانے کے بعد براڈ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

 اوپنر شان مسعود ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور سٹوارٹ براڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایس ایم کرن اور ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے ہرایا تھا اور اسے سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن غیر مستحکم رہی۔ تیسرے ہی اوور میں اوپنر شان مسعود ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد آنے والے بلے باز کپتان اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 20 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی بال پر روری برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دس سال بعد ٹیم میں جگہ بنانے والے فواد عالم صفر پر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

اوپنر آنے والے عابد علی نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 60 رنز بنائے اور برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اسد شفیق صرف پانچ رنز بنا کر براڈ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
دس سال بعد ٹیم میں جگہ بنانے والے فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے ہاتھوں مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں تین وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو شامل کیا۔
انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ بین سٹوکس اور آرچر کی جگہ زیک کراولے اور ایس ایم کرن کو شامل کیا گیا ہے۔ 
مانچسٹر میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کم تجربہ رکھنے والے بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی تھی تاہم آخری اننگز میں جیتا ہوا میچ پریشر برداشت نہ کرنے کی وجہ سے ہار دیا۔

شیئر: