Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دھونی 2022 تک کرکٹ کھیلیں گے‘

ایم ایس دھونی کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے گھر پر ٹریننگ شروع کر دی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین پریمیئر لیگ کی فیورٹ ٹیم چنائی سپر کنگ کے چیف ایگزیکٹو نے توقع ظاہر کی ہے کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اپنی 40 ویں سالگرہ کے بعد بھی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چنائی سپر کنگ کے چیف ایگزیکٹو کاسی وسواناتھن نے انڈیا ٹوڈے ٹی وی کو بتایا کہ 'ہم ان کے حوالے سے کسی پریشان کا شکار نہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ 2020، 2012  کے آئی پی ایل سیزن میں ایم ایس دھونی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور ممکنہ طور پر اس سے اگلے سال 2022 میں بھی وہ پریمیئر لیگ کھیلیں گے۔'
سابق انڈین کپتان مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چنائی سپر کنگ کی ٹیم نے آئی پی ایل کے تین ٹائٹل جیتے جبکہ وہ اگلے سال جولائی میں اپنی چالیسویں سالگرہ منائیں گے۔

 

دھونی انڈیا کی گزشتہ برس ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلے تاہم وہ اگلے مہینے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے آئی پی ایل میں شرکت کریں گے۔
اے ایف پی کے مطابق سابق کپتان کے انڈیا کی جانب سے دوبارہ کھیلنے کا امکان نظر نہیں آتا لیکن چنائی سپر کنگ کے چیف ایگزیکٹو کو توقع ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین جلد ریٹائر نہیں ہو رہے۔
ایم ایس دھونی کو انڈیا میں ایک غیر معمولی کرکٹر کے طور پر پذیرائی حاصل ہے اور ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی بھی خبر مداحوں میں بے چینی پھیلاتی ہے۔
وسواناتھن نے کہا کہ انہوں نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ دھونی اپنی آبائی ریاست جھارکنڈ میں گھر پر ٹریننگ کر رہے ہیں۔
سپر کنگ کے کھلاڑی رواں ہفتے چنائی پہنچیں گے جہاں سے وہ اگلے ہفتے دبئی روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے آئی پی ایل کا 2020 کا ایڈیشن اگلے ماہ کی 19 تاریخ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں