اس کا ایک مقصد کورونا وائرس سےآگہی بھی تھا۔(فوٹو اردونیوز)
دنیا بھر میں پاکستانی جہاں کہیں بھی موجود ہیں انہوں نے کورونا کی وبا میں بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ اپنے انداز میں جشن آزادی منایا ہے۔
جدہ میں موجود پاکستانی ڈائیور یحییٰ اشفاق نے منفرد انداز میں یوم آزادی منایا۔
یحییٰ اشفاق نے جمعے کو جدہ میں بحیرہ احمر کے ساحل کے قریب تین پاکستانی نوجوانوں عمرجان، حسن بخش اور فائز، دو سعودیوں اور ایک شامی شہری کے ہمراہ زیرآب پاکستان اور سعودی عرب کے پرچم لہرائے اور کیک کاٹا۔ اس طرح انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی دلی وابستگی کا اظہار کیا۔
پاکستانی اور سعودی نوجوانوں کے ساتھ سات برس کے چھوٹے بچے باسل نے بھی ڈائیو کرکے وہاں موجود لوگوں کو حیران کردیا۔
پاکستانی اور سعودی نوجوان نے زیرآب اذان بھی دی اور نماز بھی ادا کی۔ اس مقصد کے لیے لوہے کے پائپوں کی مدد سے ایک سٹیج پہلے سے تیار کرکے سمندر کی تہہ میں لے جایا گیا تھا۔
یحییٰ اشفاق نے اردو نیوز کو بتایا کہ تمام غوطہ غوروں نے اپنی اس کاوش کو کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے کے نام کیا ہے۔ تمام ڈائیورز نے فرنٹ لائن ورکرز کی کٹ پہن رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 'میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ہر سال پاکستان کا یوم آزادی اس منفرد انداز کے ساتھ منا رہا ہوں۔ کورونا کی وبا میں بھی یہ روایت برقرار رکھی ہے۔ اس کا ایک مقصد کورونا وائرس سے آگہی بھی تھا۔