Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دس لاکھ اُونٹوں کی آن لائن نمبرنگ مکمل

حکام کے مطابق اونٹوں کی نمبرنگ سے مستقبل میں کئی فوائد حاصل ہوں گے (فوٹو: وزارت زراعت)
سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں دس لاکھ اونٹوں کی آن لائن نمبرنگ کی مہم مکمل کرلی گئی ہے۔
مملکت کے مختلف شہروں اور کمشنریوں میں دس لاکھ سے زیادہ اونٹوں کی نمبرنگ کی گئی ہے۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق چند ہفتے قبل مملکت بھر میں اونٹوں کی نمبرنگ کی مہم شروع کی گئی تھی۔ سعودی حکومت نے لازمی کردیا ہے کہ ملک میں جتنے بھی اونٹ اور جہاں بھی ہوں ان کی نمبرنگ کرائی جائے۔ نمبرنگ کی کوئی فیس نہیں ہے۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے تنبیہہ کی ہے کہ جو لوگ اس مہم میں حصہ نہیں لیں گے اور اپنے اونٹوں کی نمبرنگ نہیں کرائیں گے انہیں دو نقصان ہوں گے۔ پہلا نقصان تو یہ ہوگا کہ ان پر جرمانہ ہوگا۔ دوسرا نقصان یہ ہوگا کہ وزارت مملکت بھر میں اونٹوں کے مالکان کو جو سہولتیں مثلاً ادویات اور ویکسین کی مفت فراہمی کرتی ہے اس سے انہیں محروم کردیا جائے گا۔ ایک اور نقصان ہوگا اور وہ یہ کہ ایسے باشندوں کے اونٹوں کو مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔  
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے 11 جمادی الثانی 1439 ھ یعنی اب سے دو سال قبل فیصلہ جاری کرکے پابندی لگائی تھی کہ اونٹوں کے مالکان نمبرنگ کرائیں۔ ہر مالک کو اونٹ کے گلے میں نمبرنگ کے بعد چپ ڈالنے کی پابندی بھی لگائی گئی ہے۔ 
وزارت ماحولیات نے شروع میں نمبرنگ کا کام رضاکارانہ طور پر کیا- نمبرنگ پر کسی سے کوئی فیس نہیں لی جارہی ہے۔  
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے توجہ دلائی ہے کہ اونٹوں کے مالکان آن لائن نمبرنگ کرا سکتے ہیں وہ  www.mewa.gov.sa وزٹ کرکے یا مشترکہ نمبر 8001240025 پر رابطہ کرکے یہ کام انجام دے سکتے ہیں۔ 
وزارت کے مطابق اونٹوں کی آن لائن نمبرنگ منصوبے کی بدولت پورے ملک میں اونٹوں کی تعداد، ان کی قسموں کے  بارے میں مکمل جائزہ تیار ہوگا اور یہ بھی پتا چلے گا کہ ملک کے کس علاقے میں کتنے اونٹ ہیں؟ ان ہی معلومات کے تناظر میں اونٹوں کی افزائش کی سکیمیں تیار کی جا سکیں گی- 
اس منصوبے کی بدولت اونٹوں کے مالکان کا سرکاری ریکارڈ تیار ہوجائے گا۔ سرکاری ادارے ان کے ساتھ مطلوبہ تعاون کریں گے جبکہ اس کی بدولت ٹریفک حادثات بھی محدود ہوجائیں گے۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: