Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلبا کو گھروں میں کتب کی فراہمی

اساتذہ کو آن لائن تعلیم دینے کی تربیت فراہم کی جاچکی ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے نئے تعلیمی سال کے ابتدائی 7 ہفتے آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کرنے کے حتمی فیصلے کے بعد ’الافلاج‘ کمشنری میں اساتذہ کی جانب سے طلبا کو انکے گھروں میں کتب پہنچانے کا سلسلہ شروع کردیاگیا۔
ویب نیوز ’اخبار24 ‘ کے مطابق وزارت تعلیم کی جانب سے آن لائن تدریس کے فیصلے کے بعد مملکت کے تمام ریجنل ایجوکیشن آفیسز میں پہلے سے پہنچائی جانے والی کتب کوطلبا تک پہنچانے کےلیے افلاج کمشنری میں اساتذہ نے مملکت کی سطح پر سبقت لیتے ہوئے کتابیں طلبا کو انکے گھروں میں پہنچانے کا خصوصی انتظام کیا۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ  آن لائن تدریس کا آغاز آئندہ ہفتے سے کیا جارہا ہے جس کےلیے لازمی تھا کہ تمام طلبا کو کتب فراہم کی جائیں اس سلسلے میں ریجن کے تمام مدارس میں کتب کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریجنل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن کے تعاون سے طلبا کی فہرست حاصل کرکے انہیں کتب کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا تاکہ نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوتے ہی طلبا کے پاس کتابیں موجود ہوں۔
واضح رہے سعودی وزیر تعلیم کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نئے تعلیمی سال کے ابتدائی سات ہفتے آن لائن شروع کرنے کے احکامات صادر کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم دینے کے لیے اساتذہ کوعملی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔
 
 

شیئر: