سعودی عرب اور اردن میں بجلی کے مشترکہ نیٹ ورک کا سمجھوتہ
سعودی عرب اور اردن میں بجلی کے مشترکہ نیٹ ورک کا سمجھوتہ
پیر 17 اگست 2020 22:39
دونوں ملک 164 کلو میٹرطویل بجلی لائن قائم کریں گے ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب اور اردن نے بجلی کے مشترکہ نیٹ ورک کے قیام کا معاہدہ کیا ہے۔ دونوں ملکوں نے 164 کلو میٹرطویل بجلی لائن قائم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کو بجلی نیٹ ورک سے جوڑنے والی سکیموں کا ایک حصہ ہے۔ سعودی عرب اور اردن وژن 2030 کے تحت سٹراٹیجک محل وقوع سے استفادے کےپروگرام نافذ کررہے ہیں۔
شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت دونوں ملکوں کے اداروں نے طویل غوروخوض اور گہرے جائزے کے بعد تیار کی ہے۔ دونوں ملکوں کے سامنے بجلی کے معتبر نیٹ ورک قائم کرنے کے سلسلے میں بڑے اچھے امکانات ہیں۔
دونوں کو اقتصادی فائدے ہوں گے۔ بجلی کی پیداوار سے مثالی استفادہ ممکن ہوگا۔ اس کے تحت دونوں ملک بجلی سازی کے متعدد مشترکہ منصوبے شروع کریں گے۔
سعودی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اردن اور سعودی عرب کو بجلی نیٹ ورک سے جوڑنے کےجوڑنے کے لیے کئی تکنیکی، اقتصادی، ماحولیاتی اور انتظامی اصول طے کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب بجلی کی پیداوار اور برآمد کے شعبے میں اہم ملک بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مملکت اس حوالے سے اہم سکیمیں تیار کیے ہوئے ہے۔ اقتصادی ترقی اور ضروری بنیادی ڈھانچہ مکمل ہونے پر تجدد پذیر توانائی سے نہ صرف استفادہ ہوگا بلکہ اسے برآمد بھی کیا جاسکے گا۔