’پاکستان، سعودی عرب تعلقات مستحکم ہیں‘
شاہ محمود قریشی کے مطابق سعودی عرب کے حوالے سے محض قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مستحکم ہیں اور مستحکم رہیں گے.
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا ’کوئی کل کا نہیں ہے۔اور یہ تعلق کل بھی ہے اور پیپل سینٹرک ہے۔۔۔ صرف حکومتوں کے درمیان نہیں، لوگوں کے درمیان بھی ہے۔‘
انہوںنے کہا کہ ’جب لوگوں کے درمیان اتنا محبت کا تعلق ہو تو تعلق سے توقعات اٹھتی ہیں۔ اگر میرا آپ سے تعلق ہے تو آپ سے توقع لگاؤں گا۔ اگر میرا سے تعلق ہی نہیں ہے تو میں آپ سے امید کیوں لگاؤں گا۔ تو کشمیر پر پاکستانی لوگوں کا اپنا ایک موقف ہے۔ توقعات ہیں اور وہ اپنے دوستوں سے اپنے چاہنے والوں سے توقع رکھتے ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی جانب سے تیل کی سپلائی بند کرنے کے خبروں کو محض قیاس آرائیاں قرار دیا۔
اسرائیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔ پاکستان کا بڑا واضح موقف ہے۔۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں امہ کی واضح اکثریت کا موقف یہ ہی رہے گا اور پاکستان کسی بین الاقوامی دباؤ کے سامنے اپنا موقف تبدیل نہیں کرے گا۔‘