Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: بارش سے کئی علاقے زیر آب، امدادی سرگرمیاں جاری

شدید بارشوں کے بعد سکھن ندی کا بند ٹوٹنے سے کراچی کے علاقے قائد آباد کے اطراف کئی آبادیاں زیر آب آگئیں (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں نے شہر میں تباہی مچائی ہے اور شہر کی بیشتر شاہراہیں زیر آب ہیں، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے بدھ کی سہ پہر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے جو چار دن قبل راجستھان سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ اس سسٹم کے ذریعے تھرپارکر، ٹھٹھہ اور بدین کے اضلاع کے بعد کراچی میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
بیان کے مطابق شہر قائد میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ بدھ اور جمعرات کے روز جاری رہے گا، جبکہ مختلف مقامات پر بھی بوندا باندی کا امکان ہے۔
شہر کی بڑی شاہراہوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، گو کہ شہر میں بارش تھم گئی ہے لیکن کئی علاقے بدستور زیر آب ہیں۔ 
شدید بارشوں کے بعد سکھن ندی کا بند ٹوٹنے سے کراچی کے علاقے قائد آباد کے اطراف کی کئی آبادیاں زیر آب ہیں۔
ابراہیم گارڈن، ماروی گوٹھ، مدینہ کالونی، گلشن عباس، آفریدی کالونی اور یار محمد گوٹھ میں کئی گھر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کراچی کور کو اندرون سندھ اور کراچی میں متاثرین کی مدد کے لیے امدای سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق کراچی میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ 'آرمی کے انجینئرز ملیر ندی سے پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لیے متاثرہ حصوں کی مرمت کر رہے ہیں۔ ملیر ندی میں پانی کی مقدار کم ہوئی ہے اور پانی قائد آباد سے ملیر ندی میں واپس جانا شروع ہو گیا ہے۔'
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی کی کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
'بارش میں پھنسی ہوئی متاثرہ آبادی کو کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ملیر ندی، کوہی گوٹھ اور دُر محمد گوٹھ میں سیلاب سے 200 سے زائد فیملیز گھروں کی چھتوں پر پھنسی ہوئی ہیں۔'
آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت پانی کی زیادہ مقدار کے باعث ان فیملیز کو آرمی کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی یم اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے نالوں کی صفائی کی گئی جس کے بعد دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اب برساتی پانی کی نکاسی کا نظام درست ہو گیا ہے۔
بلوچ کالونی کے قریب دادا بھائی کالونی اور اس سے متصل علاقے میں ملیر ندی کا پانی داخل ہوگیا ہے۔ وہاں پھنسے متاثرہ افراد کو نکالنے کے لیے ریکسیو کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ دو جانب سے بند ٹوٹنے کے سبب ملیر میں کافی مسئلہ ہے، کوشش ہے کہ بند کی فوری مرمت کی جائے۔
نجی ٹی وی چینلز سے بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ بند کی مرمت کے لیے فوج بھی مدد کر رہی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہ سکتا ہے۔

شیئر: