Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی بچی نے شاہ سعود سے ملنے پر کیا محسوس کیا؟

شاہ سعود سے ملاقات کے وقت میری عمر غالبا چھ برس تھی- فوٹو ہیڈ ٹاپک
کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے گزشتہ صدی کے پانچویں عشرے کے دوران چھ سالہ امریکی بچی ’شیرون رومین آیرس‘ کی شاہ سعود بن عبدالعزیز سے ملاقات  کا قصہ ذرائع ابلاغ  کو جاری کردیا- شاہ سعود اس وقت مملکت میں مقیم امریکی بچوں سے ملے تھے-
اخبار 24 کے مطابق آیرس نے مذکورہ ملاقات کی بھولی بسری یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں جب شاہ سعود سے ملی تھی تب میری عمر غالبا چھ برس تھی- اس موقع پر سعودی فوجی مارچ کررہے تھے- میں بادشاہ سلامت سے ملنے کے لیے اپنی باری کی منتظر تھی- جب میرا نمبر آؓیا تو انہوں نے مجھے شفقت سے دیکھا- میرے کندھے کو چھوا اور مجھے مٹھائی کا خوبصورت ڈبہ عطا کیا۔‘
آیرس نے یہ بھی بتایا کہ ’میں نے شاہ سعود کی آنکھوں میں اپنے  لیے دادا جان جیسا پیار دیکھا تھا۔‘
’ملاقات پر برسہا برس گزر چکے ہیں- میں ہمیشہ خود سے دریافت کیا کرتی کہ آخر شاہ سعود امریکی بچوں سے ملاقات کیوں کرتے تھے- ان سے ملنے کے لیے جمع امریکی بچے لاتعداد ہوتے تھے- میں خود سے بھی یہی سوال کرتی اور خود ہی سے اس کا جواب دیتی کہ شاید وہ ایسا کرکے آنے والے سعودی عرب کے لیے امریکی دوست بنارہے تھے- کبھی یہ ذہن میں یہ بھی آتا کہ وہ یونہی مل رہے ہوں- اس کا بھی امکان ہے کہ وہ ایسا کرکے اپنے ملک کے لوگوں کو ایک مثالی نمونہ دینا چاہتے ہوں۔‘
امریکی بچوں سے شاہ سعود کی ملاقات کا یہ واقعہ پہلا نہیں آیرس کے علاوہ دیگر امریکی بچوں اور بچیوں نے ان سے اپنی ملاقات کے واقعات بیان کیے ہیں- کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے اس جیسے متعدد واقعات کے تذکروں پر مشتمل کتاب شائع کی ہے-
کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے امریکی خاتون لورنا ویزوس کی شاہ سعود سے ملاقات کا قصہ بھی بیان کیا ہے-  لورنا ویزوس نے گزشتہ صدی کے چوتھے اور پانچویں عشروں کے دوران ظہران میں شاہ سعود سے اپنی اور اپنے اہل خانہ  کی ملاقات کی کہانی بیان کی ہے-
لورنا ویزوس نے یہ بھی بتایا ہے کہ جب شاہ سعود ظہران آئے تھے تو شاہی گارڈ نے انہیں شاہی خاندان کی لڑکیوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی وہ یہ کبھی نہیں بھولتی- اسے یہ بھی یاد ہے کہ  شاہ سعود کی بیگم نے انہیں تحفے کے طور پر سونے کے سکے بھی دیے تھے جنہیں لورنا ویزوس کی والدہ گولڈن ڈبے میں محفوظ کیے ہوئے ہیں-

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: