غیر ملکیوں کے اقامے، ویزوں میں ایک ماہ کی مفت توسیع
غیر ملکیوں کے اقامے، ویزوں میں ایک ماہ کی مفت توسیع
پیر 7 ستمبر 2020 18:20
30 ستمبر تک مفت توسیع کردی جائے گی۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت موجود مخصوص تارکین وطن کے زائد المیعاد خروج وعودہ (ایگزٹ ری انٹری) اور اقاموں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سبق اورعاجل کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے پیر کو بیان میں بتایا کہ خروج وعودہ ویزے پر تجارتی پیشہ ہولڈر جن غیرملکیوں کے اقامے یکم سے 31 اگست کے دوران ختم ہوگئے ہیں ان کے اقاموں میں ایک ماہ کی توسیع مفت ہوگی۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق جو گھریلو ملازمین خروج و عودہ ویزے پر مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں اور ان کے اقامے ختم ہوگئے ہیں۔ ان کے اقاموں اور خروج وعودہ ویزے میں 30 ستمبر تک توسیع مفت کردی جائے گی۔
دو مرتبہ تین ماہ کی مفت توسیع کی جا چکی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
’ ایسے غیرملکی جو خروج وعودہ ویزے پر مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں اور ان کے اقامے موثر ہیں ان کے خروج وعودہ میں توسیع 30 ستمبر تک مفت ہوگی‘۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ جو غیرملکی خروج وعودہ یا خروج نہائی ویزا لے کر سعودی عرب میں مقیم ہیں اور سفری پابندیوں کی وجہ سے وہ خروج وعودہ ویزا یا خروج نہائی استعمال نہیں کرسکتے ہیں ان کے ویزوں میں تیس ستمبر تک توسیع مفت کی جائے گی۔
اقامہ جات اور ویزہ جات میں توسیع خودکار نظام کے تحت ہوگی۔ توسیع کی کارروائی نیشنل انفارمیشن سینٹر اور وزارت افرادی قوت کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیزکے حکم پر غیر ملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں دو مرتبہ تین ماہ کی مفت توسیع کی جا چکی ہے۔