Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا کی گورنر سے ملاقات، ’امید ہے انصاف ملے گا‘

کنگنا رناوت کے ممبئی میں قائم دفتر کو آگ لگائی گئی تھی۔ فائل فوٹو: انسٹاگرام
بالی وڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت نے اتوار کو ریاست مہاراشٹر کےگورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی. ملاقات کے دوران ان کی بہن رنگلولی بھی موجود تھیں۔
خیال رہے کنگنا کا مہاراشٹر کی حکمران جماعت شیو سینا کے ساتھ سُشانت سنگھ راجپوت کی ہلاکت کے حوالے سے تنازع چل رہا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب کچھ دن قبل کنگنا رناوت کے ممبئی میں قائم دفتر کو شیو سینا کی مقامی حکومت کے حکم پر جزوی طور پر مسمار کیا گیا تھا۔
اداکارہ کے مطابق ان کے دفتر کو نقصان اسی لیے پہنچایا گیا کیونکہ انہوں نے سُشانت سنگھ راجپوت کی ہلاکت پر مہاراشٹر کی حکومت پر تنقید کی تھی اور ممبئی کا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ساتھ موازنہ کیا تھا۔
مہاراشٹر کے گورنر کے ساتھ ملاقات کے بعد کنگنا رناوت نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ، 'میں نے اپنے ساتھ ہونے والے غیر منصفانہ سلوک کے بارے میں گورنر کو بتایا۔ میں امید کرتی ہوں کہ مجھے انصاف ملے گا تاکہ تمام شہریوں، خاص کر لڑکیوں کا سسٹم پر بھروسہ بحال ہو۔ میں خوش قسمت ہوں کہ گورنر نے مجھے اپنی بیٹی کی طرح سنا۔‘
جمعے کو جس وقت کنگنا کے آفس کو مسمار کیا جارہا تھا گورنر وزیر اعلیٰ کے ایک مشیر سے ملے تھے۔  خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق کوشیاری نے ممبئی کے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کنگنا کے دفتر کی مسماری پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
گزشتہ ہفتے کنگنا کی پٹیشن پر ہائی کورٹ نے بلدیاتی حکام کو ان کے گھر مسمار کرنے سے روک دیا تھا۔ عدالت کیس کی مزید سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کی تھی۔
عدالتی فیصلے سے ایک دن پہلے میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے کنگنا کے آفس کو مسمار کرنا شروع کر دیا تھا۔

 

شیئر: