Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'کریڈٹ لینے کا بھی کوئی موقع ہوتا ہے'

شہباز شریف کے ایوان میں خطاب کا کلپ سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر زیر بحث ہے (تصویر : اے ایف ہی )
لاہور موٹر وے واقعے کی جہاں کئی سیاسی اور سماجی حلقوں میں بھرپور مذمت کی جا رہی ہے وہیں حزب اختلاف کی جانب سے حکومت اور پولیس کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے ایوان سے خطاب کے دوران واقعے کی مذمت تو کی لیکن ساتھ ہی انہوں نے حکومتی کارکردگی پر طنز کرتے ہوئے موٹر وے بنانے کا کریڈٹ ن لیگ کو دیا جس پر اب وہ سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر ہیں۔ 
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ 'معاملے کی مکمل انکوائری کروائی جائے اور یہاں پر یہ کہنا بھی غیر مناسب نہیں ہوگا کہ الحمداللہ یہ موٹروے بھی میاں نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے دور میں ہی بنی تھی۔'
انہوں نے کہا کہ’ یہ لاکھ تختیاں لگاتے پھریں لیکن عوام جانتی ہے کہ یہ عوامی خدمت کے عظیم منصوبے کس دور میں لگائے گئے ہیں اس کا پورا کریڈیٹ میاں نواز شریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔'
شہباز شریف کے بیان کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر وائرل ہو رہا ہے جس میں سوشل میڈیا صارفین سمیت کئی نامور صحافی بھی تبصرے کر رہے ہیں۔
اینکر پرسن ماریہ میمن نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ  'یہاں یہ کیا کہنے کی کوشش کر رہے ہیں؟'
اس ٹویٹ کے جواب میں مسلم لیگ ن پنجاب کے ٹوئٹر اکاونٹ سے شہباز شریف کی ایوان میں تقریر کی مکمل ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’ڈئیر ماریہ میمن بات کو غلط شکل مت دیں اور  براہ مہربانی پورا کلپ غور سے سنیں  یہ بھی صحافت کا اصول ہے کہ کچھ بھی شئیر کرنے سے پہلے اسے اچھی طرح دیکھ اور سن لیا جائے۔'
ٹوئٹر صارف صحرانورد نے لکھا کہ ’ شہباز شریف صاحب سے اتنے بھیانک سانحہ پر اس قسم کے کریڈٹ لینے کے فضول بیان کی توقع نہ تھی۔'

عاصمہ شیرازی نے اس ویڈیو پر اپنی رائے دیتے ہوئے لکھا کہ ’انتہائی غیر ضروری اور ناقابل قبول بیان ہے۔ خاتون سے زیادتی کے ذکر کے دوران موٹروے کی تعریف سمجھ سے بالاتر ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے سیاسی راہنماؤں کی اکثریت ان واقعات کی حساسیت ہی نہیں رکھتی ۔ شہباز شریف صاحب کا یہ بیان مزید تکلیف کا سبب بنا ہے‘

یاد رہے کہ بدھ 9 ستمبر کی رات سیالکوٹ لاہور موٹروے پر گجرپورہ کے قریب ایک خاتون کے ساتھ زیادتی اور ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

شیئر: