Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوہر کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر ’ڈکیتی‘

’خاتون نے رقم اپنے جسم کے ساتھ باندھ کر ڈکیتی کا ڈرامہ کیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات سے آنے والی خاتون سے ڈکیتی میں لاکھوں روپے چھیننے کی مبینہ واردات کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون نے رقم خود اپنے جسم کے ساتھ باندھ کر ڈکیتی کا ڈرامہ کیا تھا۔
ایئرپورٹ چوکی کے انچارج سب انسپکٹر سکندر نواز نے اردو نیوز کو بتایا کہ ابوظہبی سے اسلام آباد پہنچنے والی خاتون نے  ایئرپورٹ سیکورٹی فورسز اور ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر کے دفتر میں شکایت کی کہ ایئرپورٹ کی پارکنگ میں ان کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے اور نامعلوم ڈاکو نے ان سے پرس چھین لیا جس میں لاکھوں روپے اور طلائی زیورات تھے۔

 

شکایت ملنے پر اٹک پولیس کو اطلاع دی گئی اور پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تاہم اس میں ڈکیتی کی کسی واردات کا سراغ نہ ملا اور نہ ہی خاتون کے ہاتھ میں کوئی پرس موجود تھا۔
اس دوران شک پڑنے پر لیڈیز پولیس نے خاتون کی تلاشی لی تو ان کے جسم کے ساتھ بندھی رقم جو (تقریبا 22 ہزار ریال) برآمد ہو گئی۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ رقم اپنے خاوند سے لائی تھی اور خاوند سے پلاٹ کا کوئی تنازعہ چل رہا تھا اس لیے وہ چاہتی تھی کہ رقم اسے مل جائے۔
 اٹک پولیس کے ترجمان طاہر اقبال کے مطابق خاتون نے پولیس، اے ایس ایف اور دیگر اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں تحریری بیان میں اعتراف کیا کہ انہوں نے رقم ہڑپ کرنے کے لیے ڈرامہ کیا تھا۔
تحریری بیان کے بعد خاتون کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں اور اس طرح کی واردات کا ہونا بہت مشکل ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: