’عسکری نمائندوں سے ملاقات کو خفیہ نہیں رکھا جائے گا‘
’عسکری نمائندوں سے ملاقات کو خفیہ نہیں رکھا جائے گا‘
جمعرات 24 ستمبر 2020 17:03
نواز شریف نے کہا حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتوں کی تشہیر کرکے مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لندن میں علاج کے لیے قیام پذیر مسلم لیگ ن کے رہنما میاں نواز شریف نے کہا کہ ان جماعت کا کوئی رکن، انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔
جعمرات کو نواز شریف کی جانب سے ٹوئٹر پر اپنی جماعت کے ارکان کی عسکری قیادت سے غیر اعلانیہ ملاقاتوں پر پابندی کے اعلان سے ایک دن پہلے ہی بدھ کی رات پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا تھا کہ آرمی چیف سے مسلم لیگ نواز کے نمائندے محمد زبیر نے دو ملاقاتیں کی ہیں جس میں ان کے بقول سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے حوالے سے بات ہوئی۔
نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں سات پردوں میں چھپی رہتی اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں۔یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہیے۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’آج میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کر رہا ہوں کہ آئین پاکستان کے تقاضوں اور خود مسلح افواج کواپنے حلف کی کی پاسداری یاد کرانے کے لیے آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن، انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔ قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کے لیے ضروری ہوا تو جماعت کی قیادت کی منظوری کے ساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما کی عسکری قیادت سے ملاقات کی خبر مقامی ذرائع ابلاغ پر محتلف ذرائع سے نشر کی جا رہی تھی لیکن بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس ملاقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا تھا کہ نواز شریف کے کسی نمائندے نے آرمی چیف سے ملاقات نہیں کی۔
مریم نواز نے گلگت بلتستان کے معاملے پر عسکری قیادت کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بارے میں کہا تھا کہ’ جس معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کو آرمی چیف سے ملاقات کے لیے بلایا گیا وہ سیاسی ایشو ہے اور سیاسی معاملات عوامی نمائندوں کا ایشو ہے یہ پارلیمنٹ میں زیر بحث لائے جانے چاہیے نہ کہ جی ایچ کیو میں۔‘
مریم نواز کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد ہی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا ہے کہ آرمی چیف سے مسلم لیگ نواز کے نمائندے محمد زبیر نے دو ملاقاتیں کی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’دونوں ملاقاتیں مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کی درخواست پر ہی ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے حوالے سے بات ہوئی۔‘
’ایک ملاقات اگست کے آخر میں ہوئی اور دوسری ملاقات سات ستمبر کو ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔‘
دوسری جانب محمد زبیر نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی آرمی چیف سے ملاقاتیں ہوئیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں محمد زبیر نے کہا کہ ’نواز شریف یا مریم نواز نے مجھے ملاقاتیں کرنے کا نہیں کہا تھا، پارٹی کے حوالے سے میری ایک پوزیشن ہے۔‘