’911‘ کی طرز پر ہیلپ لائن متعارف کرانے کا فیصلہ
وزیراعظم نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن کے لیے وزیر اعظم ڈیلوری یونٹ کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں لاہور گینگ ریپ واقعے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے ایک ایمرجنسی ہیلپ لائن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکہ اور دنیا کے مختلف ممالک کی طرح اب پاکستان میں بھی ایک ہیلپ لائن قائم کی جائے گی جس کے ساتھ ریسکیو 1122، پولیس، موٹروے پولیس، نیشنل ہائی ویز ہسپتالوں اور دیگر سکیورٹی اداروں کو منسلک کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایک ہی نمبر پر کال کر کے مطلع کیا جاسکے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن کے لیے وزیر اعظم ڈیلوری یونٹ کو ٹاسک سونپ دیا ہے جسے مکمل کرنے کے لیے دو ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔‘
وزیر اعظم آفس کے ایک اعلی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ 'ہیلپ لائن کے قیام کے لیے تمام صوبوں سے مشاورت کی جائے گی جس سے ملک کے تمام ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبرز کو اس سروس سے منسلک کیا جائے گا۔‘ اس نئے سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ایپ متعارف کروانے پر بھی غور کیا جارہا ہے جس کی مدد سے کسی بھی ناگہانی صورت میں لوکیشن بھی حاصل کی جاسکے گی۔'
انہوں نے بتایا کہ تمام سٹیک ہولڈرز جس میں ملک کی تمام موبائل کمپنیاں بھی شامل ہیں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر قانون سازی بھی کی جائے گی تاکہ نظام کو مؤثربنایا جاسکے۔