’صرف گوری رنگت خوبصورتی کی علامت نہیں‘
سہانا خان نے کہا گہرے رنگت کے مسئلے کی وجہ سے نوجوان احساس کمتری کا شکار رہتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور گوری خان کی بیٹی سہانا خان نے گہری رنگت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا حل اہم ہے کیونکہ اس کی وجہ سے نوجوان احساس کمتری کا شکار رہتے ہیں۔
اس بارے میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سہانا خان نے لکھا کہ آج کل بہت سے مسائل ہیں جس میں یہ بھی ایک مسئلہ ہے جسے فوراً ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
'یہ صرف میرے بارے میں نہیں ہے، یہ ہر نوجوان لڑکی/لڑکے کے بارے میں ہے جو بغیر کسی وجہ کے احساس کمتری کے ساتھ بڑا ہوا ہے۔'
رنگت سے متعلق اپنے تجربے کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ، ’میں نے اپنی جلد کی رنگت کی وجہ سے 12 سال کی عمر سے مرد اور خواتین سے سنا ہے کہ میں بدصورت ہوں۔‘
سُہانا لکھتی ہیں کہ اس میں افسوس ناک بات صرف یہ نہیں کہ ایسی باتیں ہوشمند مردوں اور خواتین نے کہیں بلکہ دکھ اس بات کا ہے کہ یہ انڈین ہیں۔ اور انڈین افراد کی جلد کا رنگ ویسے ہی بھورا ہوتا ہے۔
’اپنے ہی لوگوں سے نفرت کرنے کا مطلب ہے کہ آپ دردناک حد تک غیر محفوظ (محسوس کرتے) ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ ہر اس شخص کے لیے ہمدردی رکھتی ہیں جسے سوشل میڈیا، ان کے خاندان اور ’انڈین میچ میکنگ‘ جیسے ٹی وی شوز نے یقین دلایا ہے کہ اگر ان کا قد لمبا نہیں اور وہ گورے نہیں تو وہ خوبصورت نہیں ہیں۔
’میں امید کرتی ہوں کہ آپ کو یہ جان کر مدد ملے گی کہ میرا قد 5.3 ہے اور میری رنگت بھوری ہے اور میں اس بارے میں بے حد خوش ہوں، اور آپ کو بھی ہونا چاہیے۔‘
سُہانا خان کے اس پوسٹ پر بالی وڈ ہدایتکار زویا اختر نے لکھا کہ ’یہ شیئر کرنے کا شکریہ۔ یہ صرف خود سے نفرت ہے جس کی وجہ سے لوگ دوسروں کو بُرا محسوس کرواتے ہیں۔۔۔‘