سعودی کمپنی کو ٹائیفون طیارے کے پُرزے تیار کرنے کا لائسنس مل گیا
جمعہ 16 اکتوبر 2020 12:32
وھج فیکٹری کے کارکنان سعودی ہیں (فوٹو: وھج فیس بک)
سعودی کمپنی ’وھج‘ کو مملکت میں ٹائیفون لڑاکا طیارے کے پرزے تیار کرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔
یہ پہلی سعودی کمپنی ہے جسے مملکت میں ٹائیفون کے پرزے تیار کرنے کا اجازت نامہ ملا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وھج کمپنی کے چیئرمین ایمن الحازمی نے بتایا کہ کمپنی کو یہ لائسنس اپنی شناخت کی بدولت ملا ہے۔ کمپنی کی عمدہ مصنوعات اور لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی تیاری میں معیار کی پابندی کی وجہ سے یہ کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی فوجی مصنوعات اندرون ملک تیار کرنے کے سلسلے میں وژن 2030 پر عمل کر رہی ہے۔ فیکٹری کے کارکنان سعودی ہیں۔
الحازمی نے کہا کہ ٹائیفون کے فاضل پرزے تیار کرنے کا لائسنس برطانیہ کی بی اے ای سسٹمز کمپنی نے دیا ہے۔ لائسنس ملنے سے قبل 12 ماہ تک برطانوی کمپنی کے ساتھ کام کیا۔ اب برطانوی کمپنی ہمارے ساتھ تعاون کرے گی۔
یاد رہے کہ ٹائیفون برطانوی ساختہ طیارہ ہے اور یہ پوری دنیا میں جدید ترین لڑاکا طیارہ مانا جاتا ہے- یہ جدید حربی صلاحیت کا مالک ہے۔ مختلف قسم کے ہتھیار زیادہ سے زیادہ تعداد میں لے جانے اور جدید ترین جنگی امکانات سے لیس ہے۔