Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں

عمرہ پروگرام کا تیسرا مرحلہ سب سے بڑا ہوگا (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب میں مسجد الحرام میں نماز اور عمرہ کے دوسرے مرحلے پر اتوار سے عمل درآمد کے بعد اب تیسرے مرحلے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
531 عمرہ کمپنیاں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کریں گی۔ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے منفرد صحت پروگرام اور ایس او پیز کا اہتمام کیا جائے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ میں حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے بتایا کہ عمرہ کمپنیوں نے اپنے عملے کو کورونا کے حوالے سے عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے خصوصی کورسز کرائے ہیں۔
عمرہ کمپنیوں کے اہلکار زائرین کو ایئرپورٹس اور ہوٹلوں میں خدمات فراہم کریں گے اور مسجد الحرام اپنی نگرانی میں لے جائیں گے۔ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ اور نماز کے اوقات متعین کریں گے اور گروپوں کی شکل میں انہیں عمرہ کرائیں گے۔ اسی طرح انہیں مدینہ کی زیارت کے لیے لے جائیں گے جبکہ سیاحتی مقامات کی سیر بھی گروپ ہی کی شکل میں کرائی جائے گی۔ 
العمیری نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کا تیسرا مرحلہ سب سے بڑا ہوگا۔ 531 سے زیادہ عمرہ کمپنیاں و ادارے اس کا انتظار کررہے ہیں۔ 5600 سے زیادہ خارجی ایجنسیاں اور کروڑوں مسلمان تیسرے مرحلے کی شروعات کے منتظر ہیں۔
سعودی حکومت باہر سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے 32 ویب سائٹس اور ریزرویشن پلیٹ فارم قائم کیے ہوئے ہے اور آن لائن وصولی کا بندوبست بھی کرچکی ہے۔  
العمیری نے بتایا کہ 1200 سے زیادہ ہوٹل 2 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ کمروں کا بندوبست کیے ہوئے ہیں۔ 

عمرہ موسم  کے دوران 10 ارب ریال سے زیادہ آمدنی کی توقع ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

مدینہ منورہ میں 75 ہزار سے زیادہ کمرے زائرین کے استقبال  کے لیے تیار ہیں۔ وہاں 14 ہزار سے زیادہ سعودی زائرین کو سروس دیں گے۔  
نئے عمرہ موسم  کے دوران 10 ارب ریال سے زیادہ  کی آمدنی کی توقع ہے۔
یادرہے کہ تیسرے مرحلے کی شروعات یکم نومبر 2020 پندرہ ربیع الاول سے  ہوگی۔ اس دوران سعودی شہریوں اور مملکت کے اندر اور باہر سے غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت دی جائے گی۔
 روزانہ 20 ہزار زائر عمرہ کرسکیں گے اور 60 ہزار کو مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کا موقع مہیا ہوگا۔ اسی تناسب سے مسجد نبوی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کی جا سکے گی۔
ایسے ملکوں کے باشندوں کو عمرہ اور زیارت کے ویزے جاری کیے جائیں گے جن کے حوالے سے وزارت صحت یہ فیصلہ دے گی کہ وہاں کورونا کی وبا کے حوالے سے صحت کے لیے خطرات ختم ہوگئے ہیں۔
چوتھے مرحلےکے تحت سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور بیرون مملکت کے لوگوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی۔ یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام وبا کے خطرات ختم ہوجانے کا فیصلہ کرلیں گے۔

شیئر: