Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرے پر آکر رک گیا، واپسی کیسے؟

وزارت حج وعمرہ کے این او سی کے بعد آپ کا خروج لگے گا ( فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ 
موجودہ صورتحال کے حوالے سے قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل سے متعلق مزید سوالات بھیجے ہیں۔
ذاکر عزیز کا سوال ہے جس کا ہروب لگا ہو اور وہ اپنا ٹکٹ لےکر چلا جائے وہ واپس عمرے یا وزٹ ویزے پر آسکتا ہے؟ 
جواب۔ ہروب کا مقصد ہوتا ہے غیر قانونی طورپر اپنے کفیل سے فرار ہونا جو مملکت کے قانون محنت میں سنگین جرم ہوتا ہے۔ جس کا ہروب لگا ہوتا ہے اسے چاہئے کہ وہ اپنے پر لگے ہوئے اس الزام کو ختم کرائے جس کےلیے قونصلیٹ یا سفارتخانے سے مدد لی جاسکتی ہے۔
جہاں تک آپ کا سوال ہے کہ ہروب والا اپنا ٹکٹ لیکر جاسکتا ہے۔ یہ اسی وقت ممکن ہو گا جب اس کا خروج لگے گا ٹکٹ بھی اسی وقت کارآمد ہوگا جب خروج نہائی لگ سکے گا اگر خروج نہائی نہیں لگا تو ٹکٹ لیکر کس طرح سفر کیا جاسکتا ہے۔ 
پہلے اپنا خروج لگوائیں اس کے بعد سفر کا انتظام کریں جہاں تک آپکے سوال کا دوسرا حصہ ہے کہ ہروب سے جانے والا دوسرے ویزے پر مملکت آسکتا ہے تو ایسا ممکن نہیں کیونکہ ہروب کے تحت سفر کرنے والے کا معاملہ مختلف ہوتا ہے اس کی سزا بھی ہر ایک کےلیے جدا ہوتی ہے جس کے تحت انکی مدت کا تعین از خود نہیں کیاجاسکتا عام طور پر 3 سے 5 برس تک کےلیے بلیک لسٹ کیا جاتا ہے تاہم ہر کیس کی سزا الگ ہوتی ہے بعض کیسوں میں سزا کی مدت بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
ایسے افراد کےلیے دوسرے ویزے پر آنے کی بھی پابندی ہوتی ہے جس کا تعین محکمہ پاسپورٹ کرتا ہے اس لیے وضاحت کےلیے ضروری ہے کہ اس بارے میں متعلقہ ادارے سے دریافت کیا جائے جو کیس کو دیکھ کر اس کے بارے میں کیے گئے فیصلے کے تحت کی گئی مدت کا تعین کرنے کے بعد بتا سکتے ہیں۔

دوسرے ویزے پر آنے کےلیے پابندی ہوتی ہے( فوٹو عاجل)

 ذولفقار خان کا سوال ہے گیارہ ماہ قبل عمرے پر آیا تھا اب واپس جانا چاہتا ہوں، اس کا طریقہ کیا ہوگا؟ 
جواب۔ آپ کے کیس میں یہ دیکھنا ہے کہ کیا آپ کورونا وائرس کے بعد ہونے والی پابندیوں کی وجہ سے سفر نہیں کرسکے یا آپ کا قیام غیر قانونی کے زمرے میں آتا ہے۔ آپ سب سے پہلے اپنے کیس کی وضاحت کریں۔ اس کےلیے جس عمرہ کمپنی کے ذریعے آپ آئے تھے ان سے رابطہ کریں وہ آپ کو درست طور پر آگاہ کریں گے۔  
اس کے علاوہ آپ کے معاملے میں وزارت حج و عمرہ کا بھی دخل ہوگا۔ اس لیے وہاں سے بھی آپ کورابطہ کرنا ہوگا۔ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے این او سی کے بعد آپ کا خروج یعنی ایگزٹ ویزے لگے گا تاہم حتمی معلومات آپ کو وہ عمرہ کمپنی کے ذریعے ہی حاصل ہوسکیں گی جس کے ذریعے آپ مملکت آئے تھے۔ 

کفیل سے فرار ہونا قانون محنت میں سنگین جرم ہوتا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

شیریں زادہ نے استفسار کیا ہے کہ خروج نہائی پر جانا چاہتا ہوں مگر کفیل میرا خروج نہائی نہیں لگا رہا کیا میں لیبر آفس جاسکتا ہوں؟ 
جواب ۔ آپ نے یہ نہیں لکھا کہ آپ کو کفیل کے پاس کتنا عرصہ ہو گیا ہے اورآپ خروج نہائی کیوں جانا چاہتے ہیں۔ اگرآپ کا معاہدے ملازمت باقی ہے تو اسے پورا کرنا ہو گا بصورت دیگر ملنے والے واجبات میں کٹوتی ہو گی۔ 
جہاں تک آپ نے دریافت کیا ہے کہ لیبر آفس یعنی مکتب العمل میں کیس کرنے سے فائدہ ہو گا ؟ تو یہ بات واضح ہے کہ لیبر آفس اسی لیے بنایا گیا ہے کہ وہ آجر واجیر کے معاملات حل کرے اس کےلیے پہلے آپ سفارتخانے یا قونصلیٹ سے رجوع کریں جہاں سے آپکے کیس کو دیکھ کر وہ اپکی مدد کریں گے اگر آپ کا مطالبہ درست ہوگا تو لیبر آفس کے ذریعے آپ کو خروج نہائی مل جائے گا۔  

شیئر: