Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامے پر پرانی تاریخ، نیا کیسے پرنٹ کرائیں؟

غیر ملکی جس ویزے پر آتے ہیں لازمی ہے کہ وہ اسی پیشے سے منسلک رہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ 
موجودہ صورتحال کے حوالے سے قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل سے متعلق مزید سوالات بھیجے ہیں۔
آصف خان کا سوال ہے میرا اقامہ سائق خاص  (گھریلو ڈرائیور) کا تھا مگر میں کام بلاک وغیرہ کا کرتا تھا۔ چیکنگ میں مجھے گرفتار کرکے 2019 میں ڈی پورٹ کردیا گیا تھا۔ اب کب دوسرے ویزے پر سعودی عرب جاسکتا ہوں؟ 
جواب ۔ سعودی عرب میں قانون کے مطابق غیر ملکی کارکن جس ویزے پر آتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ اسی پیشے سے منسلک رہیں، سائق خاص یعنی گھریلو ڈرائیور کے ویزے پر آنے والا کارکن کوئی دوسرا کام نہیں کر سکتا ۔اس لیے آپ کو چیکنگ کے دوران قانو ن شکنی کا مرتکب پا کر گرفتار کر کے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ 
آپ پر دو طرح کی خلاف ورزیاں عائد کی گئی ہوں گی ایک پیشہ کی خلاف ورزی یعنی گھریلو ڈرائیور ہوتے ہوئے اینٹوں کا کام کرتے تھے دوسری خلاف ورزی کفیل کی ہو گی یعنی آپ جہاں کام کرتے تھے وہ کفیل کا نہیں تھا اس لیے آپ پر قانون کی 2 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہوں گی۔ 
عام طور پر ترحیل سے جانے والوں کےلیے تین سے پانچ برس کی پابندی ہوتی ہے تاہم جو افراد خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں ان پر پابندی کا اطلاق بھی مختلف ہوتا ہے جو تحقیقاتی افسراسی وقت فائل میں درج کرتا ہے جب مقدمہ اس کے سامنے پیش کیا جاتا ہے اس لیے پابندی کا تعین کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے کیونکہ یہ ہر کیس کی نوعیت کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہے۔ 

گھریلو ڈرائیور کے ویزے پر کوئی دوسرا کام نہیں کر سکتا(فوٹو ایس پی اے)

احمد عبداللہ نے پوچھا ہے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہوں۔ اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ اقامہ کارڈ کے حوالے سے معلوم کرنا ہے وہ یہ کہ بچوں اور اہلیہ کا اقامہ تجدید کرایا تھا مگر پرانے اقامے پر جو تاریخ درج تھی وہ گزشتہ برس کی تھی، کورونا کی وجہ سے نئے کارڈ پرنٹ نہیں کرائے جاسکے، تین ماہ تاخیر ہو گئی کیا نئے کارڈ خود پرنٹ کرانے جوازات جاسکتا ہوں کسی قسم کی دشواری تو نہیں ہوگی؟ 
جواب۔ کورونا وائرس کی وجہ سے معمولات زندگی کافی حد تک متاثر ہوگئے تھے تاہم اب مرحلہ وار بحالی کی جانب رواں ہیں۔  
سعودی اداروں میں کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے معاملات پر عمل جاری ہےاس حوالے سے سرکاری اداروں سے رجوع کرنے کےلیے پیشگی وقت لینے کی سہولت موجود ہے۔ 
آپ اپنے اہل خانہ کا اقامہ پرنٹ کرانے کے لیے جوازات کے کسی بھی ذیلی آفس سے اپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو کسی ایجنٹ وغیرہ سے رجوع کرکے اسے فیس دینے کی قطعی ضرورت نہیں۔ 

جوازات سے اپائنٹمنٹ کےلیے وزارت داخلہ کے ہوم پیچ پر جائیں(فوٹو ایس پی اے)

جوازات سے اپائنٹمنٹ کےلیے  وزارت داخلہ کے ہوم پیچ پر جائیں جہاں ’ابشر افراد‘ کوکلک کریں جب ابشر کا ہوم پیچ کھل جائے تو وہاں اپائنٹمنٹ (پیشگی وقت ) کی سہولت موجود ہوگی جس ادارے میں کام ہے اس کا انتخاب کریں آپ کا مطلوبہ ادارہ جوازات ہوگا اس لیے اس کا انتخاب کرنے کے بعد گورنریٹ منتخب کریں جس کے بعد شہر کو سلیکٹ کریں بعدازاں جوازات کے قریب ترین دفتر کو منتخب کریں بعدازاں جو وقت آپک مناسب لگتا ہے اسے متعین کریں اور اپائنٹمنٹ کو پرنٹ کرلیں اگر پرنٹر کی سہولت نہیں تو اس کا بار کوڈ سکین کرلیں یا موبائل پر اس کی تصویر بنا لیں۔ 
وقت مقررہ پر ادارے پہنچ کر آپ اپنی فیملی کے کارڈ حاصل کر سکتے ہیں، یاد رہے اب جو فیملی کے کارڈ بنتے ہیں ان پر ایکسپائری کی تاریخ نہیں ہوتی اور یہ اس وقت تک کارآمد ہوتے ہیں جب تک فیملی مملکت میں مقیم ہے۔اس لیے دوبارہ کارڈ پرنٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ جیسے ہی آپ کا اقامہ تجدید ہو گا فیملی کا بھی ازخود سسٹم میں ہی تجدید ہوجائے گا۔  

شیئر: