سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے محدود عمرہ پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے پر مسجد الحرام کے تمام دروازے کھول دیے اور حفاظتی انتظامات سخت کردیے ہیں۔
سبق ویب کے مطابق حرم انتظامیہ کے دروازوں کے ڈائریکٹر فہد الجعید نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے دوران حرم کی کے سو سے زیادہ دروازے زائرین کے لیے کھول دیے گئے تھے۔
تیسرے مرحلے میں تمام دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ چوبیس گھنٹے اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔
ڈائریکٹر فہد الجعید نے کہا کہ 19 دروازے نمازیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں ۔ نماز اجازت نامہ رکھنے والے صرف ان ہی دروازوں سے داخل ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمرہ زائرین کے لیے13 دروازے مختص کیے گئے ہیں ان میں ملک فہد، اجیاد، الصفا اور مروہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زائرین حرم شریف میں داخل ہوتے وقت ان کے نام اور نمبر ذہن نشین کرلیں اس سے انہیں حرم شریف سے نکلنے میں سہولت ہوگی ۔
فہد الجعید نے مزید کہا کہ عمرہ یا نماز کے لیے آنے والوں کو حرم میں کھانے پینے کی اشیا اور دھار دار آلات لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔