کشمیریوں کے حق خودارادیت کےلیے حمایت غیر متزلزل: او آئی سی
کشمیریوں کے حق خودارادیت کےلیے حمایت غیر متزلزل: او آئی سی
بدھ 2 ستمبر 2020 23:28
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے رضوان سعید نے ملاقات کی ہے (فوٹو ٹوئٹر)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے منگل کو جدہ میں او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے رضوان سعید شیخ سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں سیکریٹری جنرل نے او آئی سی کی طرف سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے جاری حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
او آئی سی میں پاکستان کے مشن نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ رضوان سعید شیخ نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
بیان کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے ناقابل تنسیح حق کے حصول کے لیے او آئی سی کی مسلسل اورغیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر آئندہ او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز (سی ایف ایم) اور سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق او آئی سی کے دوسرے اجلاس کے علاوہ اسلامو فوبیا اور فلسطین کے تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دریں اثنا او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے رضوان سعید شیخ نے او آئی سی کے معاون سیکرٹری جنرل سیاسی امور اور جموں و کشمیر کے لیے خصوصی ایلچی یوسف الدوبے سے بھی ملاقات کی ہے۔
انڈیا کے زیر کنٹرول کشمیر میں بدترین انسانی حقوق اور انسانی صورتحال،اسلاموفوبیا خصوصا انڈیا میں مسلم اقلیت کے حوالےسے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔