ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی سپیشل فورسز برائے ماحولیاتی سلامتی (ایس ایف ای ایس)نے دارالحکومت ریاض میں لکڑیاں فروخت کرنے والوں کو گرفتارکیا ہے۔
سعودی نیوزایجنسی واس کے مطابق یہ گرفتاریاں جنگل اور رینج لینڈ قانون کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں ہوئی ہیں۔
مقامی لکڑیوں کی فروخت یا نقل و حمل سے منع کرنے والے قواعد و ضوابط کے تحت اس قانون کا اطلاق ایسے افراد پر ہوتا ہے جو مختلف جگہوں پر آگ جلانے کے لیے لکڑیاں فروخت کرتے یا خریدتے ہیں جس کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
سعودی سپیشل فورسز برائے ماحولیاتی سلامتی کے ترجمان میجر رائد المالکی نے بتایا ہے کہ ماحولیاتی سلامتی کے لیے ہمارا محکمہ مقامی لکڑیوں کی مارکیٹنگ ، فروخت اور نقل و حمل پر نظر رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایاکہ اس کا مقصد پودوں کی حفاظت کے لئے ماحولیاتی ضوابط قائم رکھنا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔
المالکی نے کہا کہ ایس ایف ای ایس اور متعلقہ حفاظتی شعبے ، وزارت ماحولیات ، پانی اور زراعت کے تعاون سے مقرر کردہ تعزیرات کا اطلاق ہر اس شخص کے خلاف کریں گے جو مقامی لکڑی یا چارکول کا کاروبار یا تجارت کرتا ہے۔
لکڑیوں یا اس سے متعلق کاروبار کرنے والوں کے خلاف فی ٹن کے حساب سے جرمانہ بھی کیا جاتا ہے جو کہ 10 ہزار سے 50 ہزار فی ٹن ہو سکتا ہے۔
میجر رائد المالکی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا کہ وہ مملکت کے ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور عام جگہوں پر لکڑیاں جلانے یا اس سے آلودگی پھیلانے کا سبب بننے سے گریز کریں۔
اس عمل سے قدرتی وسائل ، پودوں، درختوں، پارکوں اور ماحولیاتی سلامتی کو نقصان پہنچتا ہے۔