’امریکی ٹرمپ چلا گیا اب پاکستانی ٹرمپ کو چلتا کرنا ہے‘
’امریکی ٹرمپ چلا گیا اب پاکستانی ٹرمپ کو چلتا کرنا ہے‘
ہفتہ 21 نومبر 2020 16:17
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پشاور میں تاریخی جلسہ کرے گی (فوٹو: فیس بُک)
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور حزب اختلاف کے اتحاد پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ نہ ہو مگر اتوار کو ایک تاریخی جلسہ ہوگا۔
سنیچر کو پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب حکومت کو جلسہ روکنے کا کوئی اور بہانہ نہ ملا تو کورونا کا خطرہ کہہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے نزدیک موجودہ حکومت سب سے بڑا کورونا ہے، اس سے جان چھوٹ جائے قوم شفایاب ہو جائے گی۔‘ ‘
مولانا فضل الرحمان نے انتخاب ہارنے والے امریکی صدر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک ٹرمپ تو چلا گیا، اب پاکستان والے کو ٹرمپ کو چلتا کرنا ہے، اس کے بعد انڈیا کا ٹرمپ رہ جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پشاور کے لوگ بی آر ٹی کو دیکھ کر ملک کی صورت حال کا اندازہ لگا سکتے ہیں، دھکوں سے بسیں چل رہی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ناخلف حکومت مخالف اپوزیشن کی تحریک جوبن پر ہے۔‘
پی ڈی ایم کے صدر نے موجودہ حکومت کو عوام کی نمائندہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ چوری کے مینڈیٹ کی نمائندہ ہے، اس کو آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔
جلسے میں ایس او پیز کی پابندی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’آپ کووڈ 19 کی بات کر رہے جبکہ ہم کووڈ 18 کی بات کر رہے ہیں۔‘
بقول ان کے ’ناجائز حکمران بذات خود کورونا ہیں۔‘
مولانا فضل الرحمان نے آئندہ جلسوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 26 نومبر کو جے یو آئی کے تحت لاڑکانہ میں جلسہ ہو گا جبکہ 30 نومبر کو پی ڈی ایم ملتان میں جلسہ منعقد کرے گی۔