حوثیوں کی بچھائی گئی سمندری بارودی سرنگیں صاف کردی گئیں
بحرِ احمر میں اب تک 163بارودی سرنگیں تباہ کی جا چکی ہیں(فوٹو،ٹوئٹر)
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے بحرِ احمر میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کردی گئی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ حوثیوں نے بحر الاحر جنوبی علاقے میں بارودی سرنگیں بچھائی تھیں جنہیں مائنز ڈیڈیکٹر سے تلاش کرکے انہیں صاف کردیاگیا۔
عرب اتحاد کی قیادت کا کہنا ہے کہ سمندر میں جو بارودی سرنگیں دریافت ہوئی ہیں وہ ’صدف‘ طرز کی ایرانی ساختہ تھیں۔
المالکی نے توجہ دلائی کہ بحرِ احمر میں اب تک 163بارودی سرنگیں تباہ کی جا چکی ہیں ۔
المالکی نے کہا کہ حوثی ایران کی شہ اور مدد پر بحرِ احمر کے جنوب میں جارحانہ سرگرمیوں کے ذریعے سمندری جہاز رانی کو مخدوش کر رہے ہیں۔