جدہ ؛ تیل تنصیبات پر حوثیوں کا حملہ، جانی نقصان نہیں ہوا
حملے سے تیل سپلائی لائنوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیاگیا(فوٹو، سعودی گزٹ)
وزارت توانائی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح جدہ کے شمالی علاقے میں تیل تنصیبات کے ٹینک میں ہونے والا دھماکہ حوثیوں کی جانب سے کی جانےوالی دہشتگردی کی کارروائی تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت توانائی کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل سے لگنے والی آگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ میزائل حملے سے تیل کی سپلائی لائنوں میں بھڑک اٹھنے والی آگ پر جلد ہی قابو پالیاگیا۔حملہ پیر کی صبح 3 بجکر 50 منٹ پر ہوا تھا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آرامکو کمپنی نے تیل کی سپلائی لائن کو جلد ہی بحال کردیا۔
دوسری جانب اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈئیر ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان جس میں کہا گیا تھا کہ جدہ کے علاقے میں تیل تنصیبات کی سپلائی لائنوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی ۔
تنصیبات میں بھڑکنے والی آگ کے بارے میں کی جانے والی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اس دہشتگردی کی کارروائی کے پیچھے ایران نواز حوثی باغی ہیں۔
ایران نواز حوثی باغیوں کا مقصد مملکت کی تعمیری و قومی صلاحیتوں کو نشانہ بنانا ہی نہیں بلکہ ان کا ہدف عالمی معیشت کو بھی نقصان پہنچانا ہے۔
کرنل المالکی نے مزید کہا دہشتگردی کی یہ کارروائی دراصل حوثیوں کی جانب سے سابقہ سفاکانہ کارروائیوں کا تسلسل ہے جو انہوں نے بقیق اور خریص میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنا کرکیاتھا۔
مذکورہ بالا دہشتگردانہ کارروائیوں میں یہ بات ثابت ہو گئی تھی کہ حوثی باغیوں کی پشت پرایرانی رجیم ہے جس کے تیار کردہ مخصوص کروزاوردھماکہ خیز ڈرون سابقہ دہشتگردانہ کارروائیوں میں استعمال کیے گئے تھے۔
کرنل المالکی نے مزید کہا ’ جان بوجھ کراورمنظم طریقے سے معاشی تنصیبات سمیت شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیاورجنگی جرائم کے مترادف ہے‘۔