حوثی مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کی جانب دھماکہ خیز مواد سے لیس 5 عدد ریموٹ کنٹرول طیارے تباہ کر دیئے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے یمن میں قانونی حکومت کی امداد کےلیے قائم عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
ایک ہی دن میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر متعدد حملہ کیے گئے جنہیں اتحادی فورسز نے ناکام بنایا۔
کرنل المالکی نے مزید کہا کہ اس سے قبل شاہی فضایہ نے مملکت کی جانب حوثیوں کے میزائل حملہ کو ناکام بنایا تھا بعدازاں اسی روز ایران نواز حوثیوں کی جانب سے ڈرون بھیجا گیا جسے اتحادی فورسز کی ایئر کمان نے فوری طورپرکارروائی کرتے ہوئے تباہ کردیا۔
اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل المالکی نے مزید کہا ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
کرنل المالکی کا کہنا تھا کہ اتحادی فورسزنے ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے تمام حملے ناکام بنا دیئے ۔
انہوں نے مزید کہا ’یہ بات واضح ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کو ایران کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے جو منظم طریقے سے سعودی عرب کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوشش کررہے ہیں‘۔
واضح رہے جمعرات کو حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت پر 2 ڈرون حملہ کیے تھے جنہیں ناکام بنایا جا چکا تھا۔