Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمر کی تکلیف سے بچنے کے چار طریقے

کمر درد آزادانہ نقل و حرکت سے معذور کر دینے کی وجہ سے انتہائی تکلیف دہ مسئلہ شمار کیا جاتا ہے (فوٹو: پکسابے)
کمر کی تکلیف ایک عام بیماری ہے اور ہر دوسرا شخص اس تکلیف میں مبتلا نظر آتا ہے۔ اس سے نجات پانا زیادہ مشکل نہیں صرف کچھ احتیاط کرنے اور معمول کا طریقہ کار بدلنے سے اس تکلیف دہ بیماری سے نجات پائی جاسکتی ہے۔
بعض اوقات کمر کا درد شدید تکلیف دہ ہوتا ہے یہ اپنا اثر جسم کے دیگر اعضا تک بھی  پہنچا دیتا ہے، لیکن بیشتر اوقات کمر کا درد زیادہ خطرے کا باعث نہیں ہوتا اور کچھ وقت گزرنے کا ساتھ ختم ہو جاتا ہے۔
آپ کے اٹھنے بیٹھنے کے غلط طریقے سے ریڑھ کی ہڈی عدم توازن کا شکار ہوتی ہے جس سے پٹھوں کے کھچاؤ کا مسئلہ بڑھتا ہے اور کمر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔
فلائڈن پیلیٹس کی سربراہ کیارا پیکیٹی کے مطابق کمر کی تکلیف کو دور کرنے کے لیے پٹھوں کومضبوط کیا جاتا ہے۔ کمر کی تکلیف کی عام وجہ پیٹ کے بل لیٹنا بھی ہوتا ہے۔
کمر کی تکلیف کا تعلق جھکنے اور اسی طرح گھٹنوں میں بل دیے بغیر بھاری اشیا اٹھانے سے بھی ہے۔ اب کچھ ایسی مشقیں آچکی ہیں جن کے ذریعے کمر کی تکلیف سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے، البتہ کسی بھی طرح کی مشقیں کرنے سے قبل ڈاکٹرز سے ضرور مشورہ کرلینا چاہیے۔
دیوار کے ساتھ ورزش
پیکیٹی نے ایکسپریس  ڈاٹ  یوکے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’دیوار کے ساتھ اپنا پورا جسم سر سے پاؤں تک لگا کر کھڑے ہوجائیں اس کے بعد ہاتھوں کو آہستہ آہستہ اٹھائیں یہاں تک کہ یہ آپ کے سر تک آجائیں، اس  دوران آپ کی کمر دیوار کے ساتھ لگی رہنی چاہیے۔ آپ دن میں روزانہ پانچ سے دس مرتبہ ایسا کریں۔
دروازے سے گزرتے ہوئے
جب آپ کسی دروزاے سے گزرنے لگیں تو اپنے دونوں ہاتھوں کو دروازے کے فریم کے ساتھ دبائیں، یہ خیال رکھتے ہوئے کہ آپ کے بازو کندھوں سے اوپر نہ ہوں۔ اس سے آپ کے سینے کے پٹھوں میں زبردست کھچاؤ پیدا ہو گا جو کمر کے لیے مفید ثابت ہو گا۔ یہ اگلی  طرف جھکنے کی صورت میں کم ہوجاتا ہے۔

کمر درد سے نجات کے لیے چند احتیاطیں اور بیٹھنے و لیٹنے کے انداز کی اصلاح ضروری ہے (فوٹو: پکسابے)

ریڑھ کی ہڈی کا کھچاؤ
کیارا پیکیٹی کے مطابق کمر کی تکلیف کی صورت میں مریض لیٹ جائے پھر اپنے گھٹنوں کو سینے کی طرف موڑ لے، اس دوران کندھے زمین سے اوپر ہونے چاہیں اس سے ملے ہوئے نہ ہوں۔ اس کے ساتھ سر کو دوسری طرف موڑیں یوں کمر میں کھچاؤ پیدا ہو گا۔ مسلسل بیٹھنے کی وجہ سے ہماری کمر میں بل آجانے کی وجہ سے تکلیف شروع ہوجاتی ہے یہ اسے ختم کر دے گا۔
سینہ چوڑا کریں
مریض سیدھا بیٹھ جائیں، سانس لیں اور اپنے بازوؤں کو باہر اور پیچھے کی طرف کھینچیں۔ گہری سانس لیں اور اپنے سینے اور کندھوں کو کھلا محسوس کریں۔ کندھے پر وزن ڈالیں اور دبائیں اس عمل کو بار بار دہرائیں۔

شیئر: