Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان میں جلسہ، آصفہ بھٹو کی قومی سیاست میں انٹری

ستائیس سالہ آصفہ بھٹو اس سے قبل لاڑکانہ میں بلاول بھٹو کی انتخابی مہم میں شرکت کر چکی ہیں: فوٹو اے ایف پی
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری 30 نومبر کو ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کریں گی۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ آصفہ بھٹو پنجاب میں عوامی جلسے میں شریک ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کورونا کے باعث ملتان جلسے میں شریک نہیں ہو رہے تاہم بلاول ہاؤس کے ایک ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ بلاول ویڈیو لنک کے زریعے جلسے سے خطاب کریں گے۔
ستائیس سالہ آصفہ بھٹو اس سے قبل لاڑکانہ میں بلاول بھٹو کی انتخابی مہم میں شرکت کر چکی ہیں تاہم قومی سطح کی سیاست میں یہ ان کی پہلی انٹری ہو گی۔
ترجمان بلاول ہاوس کے مطابق آصفہ بھٹو 29 نومبر کو جلسے میں شرکت کے لیے ملتان پہنچیں گی۔  اکتوبر 2009  میں پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں آصفہ زارداری کو پولیو ایجوکیشن کا سفیر مقرر کیا گیا تھا۔
ان کی تعیناتی کے وقت اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم شروع کی تھی اور پہلی بار پولیو کے قطرے اپنی بچی آصفہ کو پلائے تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یہ سوال سب سے زیادہ اہم ہو گیا تھا کہ پارٹی کے یوم تاسیس کا ملتان میں ہونے والا جلسہ ہو گا بھی یا نہیں.

اکتوبر 2009  میں پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں آصفہ زارداری کو پولیو ایجوکیشن کا سفیر مقرر کیا گیا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)

یہ جلسہ صرف پیپلز پارٹی کا نہیں بلکہ پی ڈی ایم کا بھی ہے جس کی میزبانی پیپلز پارٹی کر رہی ہے۔
ملتان کی ضلعی حکومت نے البتہ پیپلز پارٹی کی تحریری درخواست کو مسترد کر دیا ہے اور 30 نومبر کو ہونے والے جلسے کی اجازت نہیں دی۔
پیپلزپارٹی جلسے کی بھرپور تیاریاں کر رہی ہے جبکہ پولیس نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحب زادے علی موسیٰ گیلانی کو بھی ایک روز قبل گرفتار کر لیا تھا جسے جمعرات 26 نومبر کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا۔
ان کے بڑے بھائی علی حیدر گیلانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جلسہ ہر صورت میں ہو گا۔ 'ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ کورونا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، اور خود ہمارے چیئرمین کو کورونا ہو چکا یے۔ اس لیے وہ اس جلسے میں شرکت نہیں کریں گے، البتہ ان کا ورچوئل خطاب ضرور ہو گا۔'

شیئر: