شاہ عبدالعزیز باز میلہ کا افتتاح، 12 دسمبر تک جاری رہے گا
شاہ عبدالعزیز باز میلہ کا افتتاح، 12 دسمبر تک جاری رہے گا
ہفتہ 28 نومبر 2020 18:39
میلے میں 22.7 ملین ریال کے انعامات رکھے گئے ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں شاہ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول تھری ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سخت حفاظتی انتظامات کے تحت شروع ہوگیا۔
میلہ ریاض کے شمالی علاقے ’ملھم ‘ میں منعقد کیا جار ہا ہے جو 12 دسمبر تک جاری رہے گا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان فالکن کلب کے نگران اعلیٰ بھی ہیں۔
میلے کے پہلے روز مملکت کے مختلف شہروں سے بازوں کے شوقین بڑی تعداد میں افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے پہنچے۔
شاہ عبدالعزیز فالکن میلے کی انتظامیہ نے خصوصی طور پر حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ لوگوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے ہدایات پر مبنی ہینڈبلز کی تقسیم کے علاوہ مائک پر سماجی فاصلے رکھنے کی بھی ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے میلے کے مقام پر جگہ جگہ سینیٹائزر کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کےلیے ہدایات بھی درج ہیں۔
سعودی فالکن کلب کی جانب سے 22.7 ملین ریال کے نقد انعامات رکھے گئے ہیں جو اس میلے میں ہونے والے مقابلوں کے دوران نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
یاد رہے شاہ عبدالعزیز فالکن فیسٹول کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا جاچکا ہے جس سے اس میلے کی عالمی سطح پر اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔