Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی وجہ سے سعودی فلائنگ کلب کا ایئر شو ملتوی

کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر شو ملتوی کیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی فلائنگ کلب کے زیر انتظام ہونے والا دوسرا ایئر شو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
کلب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شو موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ویب نیوز’ سبق‘ کے مطابق سعودی فلائنگ کلب کے زیر اہتمام گزشتہ برس پہلی بار عالمی سطح کا ائیر شو منعقد کیاگیا تھا جسے بین الاقوامی طورپر کافی پذیرائی ملی تھی۔

گزشتہ برس ہونے والا پہلا ائیر شو غیر معمولی طور پرمقبول ہوا(فوٹو، ٹوئٹر)

کلب کی انتظامیہ نے گزشتہ برس ائیرشو کی کامیابی کے بعد اس سلسلے کو جاری رکھنے کاعندیہ دیا تھا تاہم امسال کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظرشو کو موخر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ شو سال 2021 کے آغاز میں شیڈول تھا جس میں مختلف ممالک کے ہوا بازوں نے شرکت کرنا تھی مگر حالات کی وجہ سے اسے ملتوی کیا گیاہے۔
واضح رہے گزشتہ برس ہونے والے ائیر شومیں دنیا بھر سے 267 ہوائی کمپنیاں شریک ہوئی تھیں جبکہ 80 طیارے نمائش میں رکھے گئے تھے۔ شو میں 57 ممالک کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے تھےجبکہ 20 ہزار سے زائدافراد نے شو میں شرکت کی تھی۔
توقع کے مطابق امسال شو میں شرکت کے خواہشمندوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہونا تھا جس کے لیے کلب کو 500 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ دنیا میں کورونا کی دوسری لہر سے متعدد ممالک خاص کر امریکہ اوریورپ شدید متاثر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے شرکا کے وسیع تر مفاد کومدنظر رکھتے ہوئے شو کو ملتوی کرنے کا ارادہ کیاہے۔

شیئر: