’خلیجی بحران کے خاتمے کے لیے کویت کی کوششیں قابل قدر ہیں‘
’اختلافات دور کرانے میں امیر کویت اور امریکی صدر کے شکر گزار ہیں‘ (فوٹو: سبق)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ خلیجی بحران کے حل کے لیے کویت کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’خلیجی بحران کے حوالے سے اختلافات دور کرنے کی کوشش پر امیر کویت کے شکر گزار ہیں۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ’اس حوالے سے امریکی کوششیں بھی قابل ستائش ہیں، ہمیں امید ہے کہ خطے کی بھلائی کے لیے یہ کوششیں کامیاب ہوں گی۔‘
دوسری جانب کویتی قائم مقام وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح نے کہا ہے کہ ’خلیجی بحران کے حل کے لیے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہےکہ ’گزشتہ عرصے کے دوران کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں جن کے دوران تمام فریقوں نے جی سی سی اور عرب وحدت کو پیش نظر رکھتےہوئے ترجیح اول قرار دیا ہے‘۔
’تمام فریقوں کی کوشش تھی کہ حتمی اتفاق رائے تک پہنچا جائے جو خطے کے مفاد میں ہو‘۔
انہوں نے امریکی مشیر جارید کشنر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بھائیوں کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے میں ان کا کردار قابل تعریف ہے‘۔