شوہر کی قاتلہ اور’آشنا‘کی سزائے موت کے عدالتی حکم پر عمل درآمد
جمعرات 10 دسمبر 2020 18:09
اپیل کورٹ نے بھی سابق عدالت کے فیصلے کی توثیق کردی(فوٹو، ٹوئٹر)
بریدہ قصیم میں آشنا کے ساتھ مل کرشوہر کو قتل کرنے والی اوراسکے شریک جرم کا سرقلم کر دیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ نے 2 افراد کی سزائے موت کےعدالتی حکم پر عمل درآمد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قصیم ریجن میں مقتول علی ابراہیم العصن (سعودی)کی بیوی ’فادیہ بنت حسن ‘(سعودی) نے شامی باشندے ’صاردار عبداللہ الموسی‘ کے ساتھ مل کراپنے شوہرکو قتل کردیا تھا۔
پولیس دونوں کوفرار ہونے سے قبل ہی گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ تحتقیقات میں ملزمان نے جرم کا اقرار کرتے ہوئے آلہ قتل بھی فراہم کردیا۔
عدالت نے مجرموں کے اقبالی بیان اوردیگر شواہد کی روشنی میں فیصلہ کرتے ہوئے قتل عمد کی سزا کے طور پر دونوں کے سرقلم کرنے کا حکم صادر کردیا۔
قاتلوں نے قانون کے مطابق اپیل کورٹ سے رجوع کیا مگر وہاں بھی سابق عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔
عدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے جمعرات 10 دسمبر کو دونوں قاتلوں کے سرقلم کردیئے گئے۔